کانگریس کی ڈوبتی کشتی پر کوئی بھی سوار نہیں ہوگا: بنڈی سنجے
بنڈی سنجے نے کہا کہ کانگریس کے پاس انتخابات میں حصہ لئے امیدوار بھی دستیاب نہیں ہیں اور اس پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں اترنا ضمانت ضبط کروانے کی حماقت ہوگی۔

حیدرآباد: صدر بی جے پی تلنگانہ بنڈی سنجے کمار نے کانگریس کو ڈوبتی کشتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا کوئی بھی قائد کانگریس میں شامل ہوتے ہوئے اپنے مستقبل کو تاریک نہیں کرے گا۔
بی جے پی قائدین ای راجندر اور کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے متعلق افواہیں زیر گشت ہیں کہ وہ بہت جلد اپنی سیاسی وفاداریوں کو تبدیل کرنے والے ہیں، پرردعمل ظاہر کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ میری دانست میں کانگریس کا قصہ تمام ہوچکا ہے اور کوئی اس ڈوبتی کشتی میں سوار ہونے کی کوشش نہیں کرے گا۔
مگر پارٹی وفاداریوں کی تبدیلی کے متعلق ہر قائد کے اپنے نظریات ہوتے ہیں جس سے ان کا کچھ لینا دینا نہیں ہوتا۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ کانگریس کے پاس انتخابات میں حصہ لئے امیدوار بھی دستیاب نہیں ہیں اور اس پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات میں اترنا ضمانت ضبط کروانے کی حماقت ہوگی۔
چیف منسٹر کے سی آر پر موقع پرست ہونے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے انتخابات قریب آرہے ہیں، کے سی آر کو شہیدان تلنگانہ یاد آنے لگے ہیں۔ واضح رہے کہ افواہوں کا بازار گرم ہے کہ ای راجندر اور کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی، بی جے پی چھوڑ نے والے ہیں۔ ان کے اگلے قدم کے متعلق تجسس پایا جارہا ہے۔
کانگریس قائدین کا کہنا ہے کہ ریاست میں سیاسی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہے اور ہر گذرتے دن کے ساتھ کانگریس کے استحکام اور اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ کانگریس قائدین پر امید ہیں کہ ای راجندر اور کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔
کانگریس قائدین کے کھلے عام بیانات اور ای راجندر وکومٹ ریڈی کی جانب سے تردید نہ کیا جانا، سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی ہائی کمانڈ کی جانب سے ای راجندر کو اہم عہدے دینے کے وعدے کئے تھے مگر ان وعدوں کو فراموش کردینے سے ای راجندر ناراض ہیں۔
دوسری طرف کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی بھی سابق میں ان سے کئے گئے وعدوں پر عدم عمل آوری کی وجہ سے پارٹی سرگرمیوں سے دوری اختیار کئے ہوئے ہیں۔