بی جے پی مخالف اقلیت نہیں: ودیا ساگر راؤ
بی جے پی کی مقبولیت کی اصل وجہ اٹل بہاری واجپائی کو قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واجپائی وہ شخص تھے جنہوں نے ایک ووٹ کے فرق سے وزارت عظمیٰ کے عہدے کو چھوڑ دیا، انہوں نے جوڑتوڑ کی سیاست نہیں کی۔
حیدرآباد: سینئر بی جے پی قائد و سابق گورنر مہاراشٹرا سی ایچ ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ بی جے پی، اقلیتوں کی مخالف نہیں ہے۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تمام طبقات کو ساتھ لیکر چلنے میں یقین رکھتے ہیں اور اس لئے سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ دیا گیا۔
بی جے پی کی مقبولیت کی اصل وجہ اٹل بہاری واجپائی کو قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واجپائی وہ شخص تھے جنہوں نے ایک ووٹ کے فرق سے وزارت عظمیٰ کے عہدے کو چھوڑ دیا، انہوں نے جوڑتوڑ کی سیاست نہیں کی۔
پی وی نرسمہاراؤ اور اٹل بہاری واجپائی بطور قائد و اپوزیشن لیڈر ملک کیلئے مثال بن کر ابھرے راؤ نے کہا کہ موجودہ دور میں سیاسی قائدین کو اپنے لب ولہجہ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ اٹل بہاری واجپائی اصول پسند بلند اخلاق کے حامل قائد تھے اس لئے24 سیاسی جماعتوں نے انہیں وزیر اعظم بننے میں مدد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اصلاحات کے نقیب پی وی نرسمہا راؤ تھے اور ہر سیاسی جماعت کو اس حقیقت کا اعتراف کرنا چاہئے۔