تلنگانہ میں پاسپورٹ درخواستوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ، دفاتر نئی عمارتوں میں منتقل
اسی پس منظر میں بعض پرانے مراکز کو جدید سہولتوں سے آراستہ وسیع عمارتوں میں منتقل کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ کاؤنٹرز کے ذریعے تیز تر خدمات فراہم کی جاسکیں۔
حیدرآباد: عوامی خدمات کو مزید مؤثر اور سہل بنانے کے مقصد سے پاسپورٹ دفاتر کو نئی عمارتوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ریاست بھر میں پاسپورٹ درخواستوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث موجودہ مراکز میں جگہ کی کمی اور کاؤنٹروں کی قلت کی وجہ سے عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اسی پس منظر میں بعض پرانے مراکز کو جدید سہولتوں سے آراستہ وسیع عمارتوں میں منتقل کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ کاؤنٹرز کے ذریعے تیز تر خدمات فراہم کی جاسکیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ حیدرآباد کے امیرپیٹ پاسپورٹ سروس سنٹر کو 16 ستمبر سے ایم بی بی ایس میٹرو اسٹیشن میں منتقل کیا جارہا ہے، جبکہ ٹولی چوکی مرکز کو اسی دن رائے درگم کے سِری بلڈنگ میں منتقل کیا جائے گا۔ دونوں مراکز اسی دن سے اپنی خدمات فراہم کرنا شروع کردیں گے۔
اسی طرح کریم نگر پاسپورٹ سروس سنٹر کو سائی نگر فورچون مال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور یہ مرکز بھی 16 ستمبر ہی سے عوام کے لیے کھل جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے پاسپورٹ خدمات مزید تیز رفتار اور سہولت بخش ہوجائیں گی، اور عوام کو درخواست کے عمل کے دوران درپیش مشکلات میں بڑی حد تک کمی آئے گی۔