اے پی میں اوڈیشہ کے نوجوان کا قتل
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اور ملزم دونوں جرائم کی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور مقتول چرنجیوی کا پہلے سے مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود تھا۔ پولیس نے واردات کو شراب کے نشہ اور معمولی جھگڑے کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
حیدرآباد: اے پی کے وشاکھاپٹنم کے ڈائمنڈ پارک میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں معمولی تکرار پر ایک نوجوان کا قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والا نوجوان چرنجیوی، جو اپنی بیوی سے علیحدگی کے بعد تنہا رہ رہا تھا، کا اس کے ساتھی لکشمن ریڈی نے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق یہ واردات اس وقت پیش آئی جب چرنجیوی، لکشمن ریڈی اور ہیمنت نامی ایک اور شخص پارک میں شراب نوشی اور کھانا کھانے کے بعد موجود تھے۔
اس دوران رقم کے لین دین پر لکشمن اور چرنجیوی کے درمیان بحث ہوئی، جس پر برہمی میں آکر لکشمن ریڈی نے چرنجیوی کے سر پر ڈنڈے سے زوردار وار کر دیا۔ شدید زخمی حالت میں چرنجیوی کو فوری طور پر کنگ جارج اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔