ممبئی میں ہفتے کے آخر پر اورنج الرٹ جاری ، شدید بارش، تیز ہواؤں اور ٹریفک میں خلل کا اندیشہ
محکمہ نے بتایا کہ بارش کی سرگرمیاں 26 ستمبر بروز جمعہ سے شدت اختیار کریں گی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے علاوہ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
ممبئی: ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 27 اور 28 ستمبر کو ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس میں کہیں کہیں شدید سے انتہائی شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ نے بتایا کہ بارش کی سرگرمیاں 26 ستمبر بروز جمعہ سے شدت اختیار کریں گی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارشوں کے علاوہ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
جمعہ کے دن درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 27 ڈگری اور کم سے کم 24 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہفتہ کے روز شدید بارش کے ساتھ درجہ حرارت 26 اور 23 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور نمی کی سطح 83 فیصد تک پہنچے گی۔
اتوار کو یہی سلسلہ مزید شدت کے ساتھ جاری رہے گا، جب کہ 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز ہواؤں اور 86 فیصد نمی کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔
آئی ایم ڈی نے ستمبر کے آخر میں غیر معمولی طور پر گھنی دھند کا بھی انتباہ دیا ہے۔ پیر کو صبح کے اوقات میں شدید بارش کے ساتھ جزوی طور پر ابر آلود موسم رہے گا، شام تک ابر آلود موسم کے ساتھ گرج چمک کا امکان ہے۔
ماہرین موسمیات نے کہا کہ خلیج بنگال پر 26 اور 27 ستمبر کو پیدا ہونے والا ہوا کا دباؤ طوفان راگاسا کے اثرات کے ساتھ مل کر مہاراشٹر کے شمالی کونکن میں شدید بارش کا باعث بن سکتا ہے، جس طرح اگست میں بھاری بارش ریکارڈ ہوئی تھی۔
موسمی ماہرین نے 27 اور 28 ستمبر کو 300 سے 400 ملی میٹر بارش کی وارننگ دی ہے۔ ممبئی پہلے ہی ستمبر کی اوسط 383.5 ملی میٹر سے تجاوز کر چکا ہے، 24 ستمبر تک سانتا کروز میں بارش 400 ملی میٹر کے قریب اور مجموعی مانسون 2,920 ملی میٹر ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ کولابا میں 1,959 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔
اورنج الرٹ کے پیش نظر پانی جمع ہونے، ٹریفک جام اور لوکل ٹرینوں میں تاخیر کے امکانات بڑھ گئے ہیں تہوار کے موسم میں یہ صورتحال پیش آنے سے شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ممبئی میں مانسون کی واپسی 8 اکتوبر کو متوقع ہے، تاہم دیر سے پیدا ہونے والے نظاموں کی وجہ سے اس میں مزید تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔