ریٹائرڈ ملازمین کے بقایاجات پر 10 فیصد سود ادا کرنے کا حکم
تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریٹائرڈ ملازمین کے فوائد کی ادائیگی میں تاخیر پر کانگریس حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ تاخیر سے ادا کی جانے والی رقم پر 10 فیصد سود بھی ادا کیا جائے۔
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریٹائرڈ ملازمین کے فوائد کی ادائیگی میں تاخیر پر کانگریس حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ تاخیر سے ادا کی جانے والی رقم پر 10 فیصد سود بھی ادا کیا جائے۔
یہ معاملہ کاماریڈی میں سب انسپکٹر (ایس آئی) کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے بیتھی کوناریڈی کی درخواست پر سماعت کے دوران سامنے آیا۔ وہ 31 دسمبر 2024 کو ریٹائر ہوئے تھے، لیکن تقریباً ایک سال گزرنے کے باوجود انہیں ریٹائرمنٹ کے فوائد ادا نہیں کیے گئے۔ اس پر انہوں نے رواں سال 23 فروری کو ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
درخواست کی سماعت کے دوران عدالت نے حکام کو چار ہفتوں کے اندر ریٹائرمنٹ کے فوائد ادا کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ساتھ ہی حکم دیا تھا کہ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں تاریخِ ریٹائرمنٹ سے 10 فیصد سود بھی ادا کیا جائے۔
عدالتی حکم کے باوجود چھ ہفتے گزرنے پر بھی ادائیگی نہ ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کوناریڈی نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی۔
تازہ سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چھ ہفتوں کی مدت گزرنے کے بعد اصل بقایاجات تو ادا کردیے گئے، تاہم 10 فیصد سود کی رقم اب تک ادا نہیں کی گئی۔
جج نے حکومت کے وکیل سے 23 ماہ کے لیے مقررہ 10 فیصد سود ادا نہ کرنے کی وجہ دریافت کی، جس پر سرکاری وکیل نے مزید مہلت طلب کی۔
ہائی کورٹ نے مقدمہ کی سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت دی کہ اس تاریخ تک سود کی رقم ادا کردی جائے۔ بصورت دیگر محکمہ فینانس کے اسپیشل سکریٹری سندیپ سلطانیہ کو عدالت میں شخصی طور پر حاضر ہونا ہوگا۔