ایشیاء

یوم آزادی پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

ملک بھر میں آج 78واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ تحریک پاکستان کے جذبے کے تحت کام کرتے ہوئے ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔

اسلام آباد: ملک بھر میں آج 78واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ تحریک پاکستان کے جذبے کے تحت کام کرتے ہوئے ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنایا جائے گا۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کے امن و سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

جشن آزادی کی مناسبت سے سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ گلیوں، بازاروں اور عوامی مقامات کو سربز پرچموں اور برقی قمقموں سے روشن کیا گیا جبکہ قومی پرچم، پینٹنگز، بانیان پاکستان کے پورٹریٹس، پوسٹرز اور بینرز بھی جگہ جگہ نظر آئے۔

دوسری جانب، کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، پاکستان نیول اکیڈمی کےکیڈٹس نےمزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کے کموڈور محمد خالد تقریب کے مہمان خصوصی تھے، پریڈ کمانڈر کے فرائض لیفٹیننٹ کمانڈر احمد حسن تمغہ بسالت نے سرانجام دیے۔

ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز، دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہے، پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس ہر سال 14اگست کو یہ ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔

یوم آزادی کے سلسلے میں بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ مل کرعہد کریں ہم نےکسی سازش کا حصہ نہیں بننا، ہمیں مل کر پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔