پاکستان جموں وکشمیر میں درپردہ جنگ کو فروغ دے رہا ہے، دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں: وزیر اعظم مودی
انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج دہشت گردی کو پوری قوت کے ساتھ کچل کر رکھ دیں گی اور دشمن کو دندان شکن جواب دیں گی۔

لداخ: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعے کے روز کہاکہ بھارت نے پاکستان کے تمام عزائم کو ماضی میں ناکام بنایا لیکن اس کے باوجود بھی پڑوسی ملک نے تاریخ سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا۔
انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج دہشت گردی کو پوری قوت کے ساتھ کچل کر رکھ دیں گی اور دشمن کو دندان شکن جواب دیں گی۔
پی ایم مودی نے کہا :’پاکستان جموں وکشمیر میں درپردہ جنگ کو فروغ دے رہا ہے تاہم ہماری سیکورٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنا رہی ہیں۔ ‘
ان باتوں کا اظہار وزیر اعظم نے دراس میں کرگل وجے دیوس کے موقع پر تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ آج میں جس دھرتی پر کھڑا ہوں یہ وہ مقام ہے جہاں دہشت گردی کے آقا میری آواز براہ راست سن سکتے ہیں ، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان نے اپنی تاریخ سے آج تک کچھ نہیں سیکھا ، ماضی میں پڑوسی ملک کے تمام منصوبوں کو ناکام بنایا اور مستقبل میں بھی بھارتی افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا :’میں دہشت گردوں اوران کے سرپرستوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ ان کے منصوبے اور عزائم کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ ‘
مودی نے کہاکہ بھارتی افواج دنیا کی بہترین اور مضبوط مسلح فورس ہے اور پوری قوت کے ساتھ دہشت گردی کو کچل کر رکھ دیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے ماضی میں بھی دشمن کو کرار ا جواب دیا اور آگے بھی ہم دشمن کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا :’کرگل جنگ میں بھارت نے امن کو ترجیح دی لیکن پڑوسی ملک نے اپنا مکروہ چہرہ دکھایا اور بالآخر بھارتی فوج نے ایسا جواب دیا کہ دشمن کو منہ کی کھانی پڑی۔ ‘انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیر میں درپردہ جنگ کو فروغ دے رہا ہے تاہم بھارتی افواج کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی خاطر پوری طرح سے تیار ہے۔
مودی نے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے پانچ سال بعد لداخ اور جموں وکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، جی ٹونٹی کے کامیاب انعقاد سے سیاحتی شعبہ فروغ پا رہاہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر میں تین دہائیوں کے بعد سینما گھر کھولے گئے جس سے یہ عیاں ہے کہ حالات اب دھیرے دھیرے معمول پر آرہے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ لداخ کو بارہ مہینے ملک کے ساتھ جڑے رکھنے کی خاطر ’شن کھن لا ‘ٹنل پر کام شروع کیا گیاانہوں نے کہا ؛’گزشتہ پانچ سالوں کے دوران لداخ کا بجٹ گیارہ سو کروڑ روپیہ سے بڑھا کر چھ ہزار کروڑ روپیہ کیا گیا ۔ ‘
پی ایم مودی نے مزید بتایا کہ لداخ نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور یہاں پر بڑے پیمانے پر تعمیر وترقی کے کام شروع کئے گئے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے یقین دلایا کہ لداخ میں جلد ہی فور جی نیٹ ورک چالو ہوگا اور تیرہ کلومیٹر زوجیلا ٹنل پر بھی بہت جلد کام مکمل ہو گا جس کے نتیجے میں قومی شاہراہ ہر موسم میں گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے کھلی رہے گی۔