جنوبی بھارت

کیرالا کے 5 آر ایس ایس لیڈروں کو ’وائی‘ زمرے کی سیکوریٹی

ممکنہ خطرے کے پیش نظر کیرالا میں آر ایس ایس کے 5 لیڈروں کو مرکز کی جانب سے وائی زمرے کی سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔

نئی دہلی: ممکنہ خطرے کے پیش نظر کیرالا میں آر ایس ایس کے 5 لیڈروں کو مرکز کی جانب سے وائی زمرے کی سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی۔

اسلامی تنظیموں جن پر ہفتہ کے اوائل میں مرکز کی جانب سے امتناع عائد کیا گیا، پر حالیہ اچانک کارروائی کے دوران مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کی جانب سے برآمد کردہ دستاویزات سے پتہ چلا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پانچ لیڈروں کے نام پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے راڈار پر ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ مرکزی تحقیقاتی و انٹلیجنس ایجنسیوں کی جانب سے مرکزی وزارتِ داخلہ کو فراہم کردہ اطلاعات اور سفارشوں کی بنیاد پر پانچ آر ایس ایس لیڈروں کو اقتل ترین زمرے ”وائی“ کے تحت سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے شعبہ وی آئی پی سیکوریٹی کو یہ کام تفویض کیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ہر ایک لیڈر کو دو تا تین مسلح کمانڈو فراہم کیے جائیں گے۔ صدر بہار بی جے پی اور رکن پارلیمنٹ مغربی چمپارن (مغربی بنگال) کو بھی ایسی ہی سیکوریٹی فراہم کی گئی ہے۔

ماہ جون میں ”اگنی پتھ“ رکروٹمنٹ اسکیم نافذ کرنے کے دوران احتجاجوں کے پیش نظر انھیں اور بی جے پی کے دیگر لیڈروں کو بھی ”وائی“ زمرے کی سیکوریٹی فراہم کی گئی تھی۔ بعد ازاں سیکوریٹی ختم کردی گئی، لیکن اب پھر بحال کردی گئی۔ ان 6 اضافہ لیڈروں کے بشمول سی آر پی ایف کم از کم 125 افراد کو ”وائی“ زمرے کی سیکوریٹی فراہم کرتی ہے۔