زیرالتواٹریفک چالانات کی ادائیگی، ویب سائٹ کو آسانی سے کھولنے کی سہولت
زیرالتوا چالانات پر حکومت کی جانب سے ڈسکاؤنٹ کے اعلان کے بعد عوام کا ہجوم امڈ پڑنے کی وجہ سے ویب سائٹ کھلنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کی نئی کانگریس حکومت کی جانب سے ٹریفک چالانات پر رعایت سے استفادہ کرتے ہوئے عوام کی بڑی تعداد اپنے زیرالتواٹریفک چالانات اداکررہی ہے۔چالانات کی ادائیگی کیلئے پہلے کے برخلاف ٹریفک پولیس کی ویب سائٹ اب آسانی سے کھل رہی ہے۔
زیرالتوا چالانات پر حکومت کی جانب سے ڈسکاؤنٹ کے اعلان کے بعد عوام کا ہجوم امڈ پڑنے کی وجہ سے ویب سائٹ کھلنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔ حالیہ دنوں میں حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کونڈہ پولیس کمشنریٹس کے حدود میں ٹریفک چالانات کی ادائیگی کے عمل میں تیزی پیداہوگئی ہے۔
اس طرح اب تک بھاری رقم سرکاری خزانہ میں جمع کروائی گئی ہے۔ ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر زیرالتوا ٹریفک چالانات کو ختم کرنے کے لئے یہ قدم اٹھایاگیا ہے جس کی شہریوں کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس ون ٹائم پیشکش سے فائدہ اٹھائیں۔ زیرالتواء چالانات آن لائن کے ذریعہ ادا کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔ حکومت نے اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے زیرالتواچالانات کی رقم اداکرنے کی عوام سے خواہش کی ہے۔