گیان واپی کامپلکس میں اے ایس آئی سروے روکنے کی درخواست خارج
وکیل نے کہا کہ عدالت نے گیانواپی کمپلیکس کے سیل شدہ علاقے کے سروے سے متعلق درخواست پر سماعت کی اگلی تاریخ 5 اکتوبر مقرر کی ہے۔
وارانسی: وارانسی کی ضلعی عدالت نے جمعرات کو انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کی جانب سے آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) کے ذریعہ کئے جانے والے گیانواپی کمپلیکس کے سائنسی سروے کو روکنے کی درخواست خارج کردی۔
مدعی راکھی سنگھ کے وکیل انوپم دویدی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ جج ڈاکٹر اجے کرشنا وشویشا کی عدالت نے انتظامیہ کمیٹی کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عدالت سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ عدالت نے انتظامیہ کمیٹی سے کہا کہ وہ اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔
وکیل نے کہا کہ عدالت نے گیانواپی کمپلیکس کے سیل شدہ علاقے کے سروے سے متعلق درخواست پر سماعت کی اگلی تاریخ 5 اکتوبر مقرر کی ہے۔ خیال رہے کہ انتظامیہ کمیٹی نے اے ایس آئی کے سروے کو اس بنیاد پر روکنے کی درخواست دائر کی تھی کہ مدعی پارٹی یعنی ہندو پارٹی نے اس کی لاگت جمع نہیں کرائی تھی۔