بھارت

کانگریس آنند شرما کو منانے میں مصروف

شرما نے اتوار کو ہماچل اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں نظر انداز کرکے ان کی توہین کی جا رہی ہے اس لئے انہوں نے اپنا استعفی کانگریس صدر کو بھیج دیا ہے۔

نئی دہلی۔ 22 اگست: کانگریس نے ہماچل اسمبلی انتخابات کے لیے تشکیل دی گئی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیرمین کے عہدے سے استعفیٰ دینے والے اپنے سینئر لیڈر آنند شرما کو منانے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

ہماچل پردیش کے کانگریس جنرل سکریٹری انچارج راجیو شکلا نے پیر کے روز مسٹر شرما سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان سے ان کی ناراضگی کے بارے میں گہرائی سے بات چیت کرکے کہا کہ ان کی شکایت پارٹی قیادت تک پہنچائی جائے گی اور جو بھی ناراضگی ہے اسے دور کیا جائے گا۔

شرما نے اتوار کو ہماچل اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیرمین کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں نظر انداز کرکے ان کی توہین کی جا رہی ہے اس لئے انہوں نے اپنا استعفی کانگریس صدر کو بھیج دیا ہے۔

شرما کانگریس کے ناراض لیڈروں کے گروپ 23 کے اہم لیڈر ہیں۔ پارٹی کے ناراض لیڈر پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے پارٹی قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

آنند شرما سے ملاقات کے بعد شکلا نے بتایا کہ مسٹر شرما کانگریس کے سینئر لیڈر ہیں اور انہوں نے پارٹی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی بات پارٹی قیادت تک پہنچائی جائے گی۔