حیدرآباد

بھگوان کی فوٹو لگانے سے پیٹ نہیں بھرتا : کھرگے

صدر کانگریس ملکارجن کھر گے نے تلنگانہ کے بوتھ لیول ایجنٹس کو مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر پوری طاقت کے ساتھ سرگرم عمل ہوجانے کا مشورہ دیا

حیدرآباد: صدر کانگریس ملکارجن کھر گے نے تلنگانہ کے بوتھ لیول ایجنٹس کو مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے متحدہ طور پر پوری طاقت کے ساتھ سرگرم عمل ہوجانے کا مشورہ دیا اور پیش قیاسی کی ہے کہ مجوزہ پارلیمانی انتخابات میں انڈیا اتحاد میں شامل28 جماعتوں کے مقابلہ میں بی جے پی کی شکست یقینی ہے۔

متعلقہ خبریں
شرمیلا کے بیٹے کی شادی کا استقبالیہ، کھرگے شریک
چیف منسٹر کل نومنتخب ٹیچرس میں احکام تقررات حوالے کریں گے
کھر گے کانگریس کاانتخابی منشور جاری کریں گے
مودی کے تعلق سے کھرگے کے ریمارکس بھدے نہیں: پون کھیڑا
ملک میں بے روزگاری سے بڑا کوئی مسئلہ نہیں: ملیکارجن کھرگے

ملکارجن کھر گے آج شام ایل بی اسٹیڈیم میں تلنگانہ کے بوتھ لیول ایجنٹس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔شہ نشین پر چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکہ، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال، انچارج کانگریس امور دیپا داس منشی، ریاستی وزراء، سینئر قائدین، ارکان اسمبلی موجود تھے۔

کھر گے نے بی جے پی کی مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی غلط پالیسیوں سے ملک میں غریب مزید غریب اور امیر مزید امیر بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مودی حکومت پر سوال اٹھاتا ہے تو ای ڈی، انکم ٹیکس اور سی بی آئی کے ذریعہ اسے خوفزدہ کیا جاتا ہے۔

آج مودی سرکار کی گیارنٹی کا نعرہ بلند کیا جارہا ہے اور ہر اخبار میں اس کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کی جارہی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ مودی نے اس سے قبل کئی ضمانتیں دی تھیں۔ نوجوانوں کو 2کروڑ نوکریاں، کالا دھن کی واپسی،15لاکھ روپے ہر شہری کے بینک میں منتقلی کا وعدہ کیا تھا مگر آج تک یہ وعدے پورے نہیں کئے گئے۔

اس کے برعکس کانگریس نے تلنگانہ میں 6 گارنٹیز اسکیمات کا اعلان کیا ہے جن کے منجملہ2 گارنٹیز کو اقتدار میں آتے ہی روبہ عمل لایا گیا۔ مزید دو گارنٹیوں کو آئندہ ماہ سے روبعمل لایا جائیگا۔اندرون100یوم تمام ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھگوان کی فوٹو لگانے سے پیٹ نہیں بھرتا اس کیلئے کام کرنا پڑتا ہے۔ ملک میں مہنگائی بیروز گاری عروج پر ہے لیکن مودی کو اس کی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ مذہب کے جال میں نہ پھنسیں اور پھنس گئے تو دیش میں جمہوریت ختم ہوجائے گی۔

راہول گاندھی نے ملک میں مہنگائی، بیروزگاری، اتحاد ویکجہتی، ملک میں بڑھتی نفرت کے خلاف بھارت جوڑو نیائے یاترا کا آغاز کیا ہے۔ ہم سب کو ان کی یاترا کی تائید کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی سخت محنت سے کانگریس اقتدار میں آئی ہے۔

اس ریاست کو ملک بھر میں تلنگانہ کو ماڈل ریاست بنانا چاہئے۔ نریندر مودی پر اپوزیشن کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی نے مہاراشٹرا کے ایک کانگریس قائد کو انحراف کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں کانگریس مضبوط ہے وہاں بی جے پی کانگریس کو منتشر کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

انہوں نے تلنگانہ کے قائدیان کو مشورہ دیا کہ وہ چوکس رہیں یہاں تک کہ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو بھی چوکس رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ساتھ جو بھی غداری کرے گا انہیں عوام معاف نہیں کریں گے۔ کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کھر گے نے کہا کہ کے سی آر نے ہمیشہ مرکز میں بی جے پی کا ساتھ دیا۔

بی جے پی اور بی آر ایس نے سازش کرتے ہوئے کانگریس کو شکست دینے کی کوشش کی لیکن آپ نے ان کی سازش کو ناکام بنادیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم عوام کے درمیان رہ کر کام نہیں کریں گے تو ہمیں عوام کا اعتماد حاصل نہیں ہو گا۔ ہمیں سخت محنت کے ذریعہ 2023 کی طرح2024کی انتخابی جنگ بھی جیتنا ہوگا اور ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے۔

مودی حکومت نے پارلیمنٹ میں غریب عوام کے مسائل کو زیر بحث لانے پر146 اپوزیشن ارکان کو اجلاس سے معطل کردیا۔ مودی حکومت نے آزادی کے بعد قائم کئے گئے کئی عوامی اداروں کوختم کردیا۔ آج ہمیں بابا صاحب امبیڈکر کے دستور کو بچانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ملک کے کونے کونے میں جاکر مندروں کے درشن کررہے ہیں لیکن منی پور جہاں فسادات میں سینکڑوں لوگوں کا قتل کیا گیا وہاں جانے کیلئے مودی کے پاس وقت نہیں ہے۔

ملکارجن کھرگے نے اگنی ویر اسکیم پر بھی تنقید کی اور کہا کہ نوجوانوں کو 4سال کیلئے فوج میں ملازمت دی جارہی ہے 4سال بعد سبکدوشی کے بعد وہ بیروز گار گھوم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی شارٹ کٹ کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس سے کانگریس کارکنوں کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ماہ بعد پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ آپ سب کو قدم سے قدم ملا کر متحدہ طور پر پارٹی کی کامیابی کیلئے کام کرنا چاہئے۔ اجلا س سے چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکراماکہ، اتم کمار ریڈی، دیپا داس منشی، پونم پربھاکر و دیگر نے خطاب کیا۔