تلنگانہ

بی آر ایس ایم ایل ایز کو غیر ملکی دورہ میں مصروف رکھنے کا منصوبہ

بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی ارکان اسمبلی کو متحد رکھنے کے لیے ایک نئی حکمت عملی اپنائی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کے سی آر نے پارٹی کے اراکین اسمبلی کو غیر ملکی دوروں میں مصروف رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

حیدرآباد: بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے پارٹی ارکان اسمبلی کو متحد رکھنے کے لیے ایک نئی حکمت عملی اپنائی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کے سی آر نے پارٹی کے اراکین اسمبلی کو غیر ملکی دوروں میں مصروف رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

پارٹی قائدین کے مطابق اس کوشش کا مقصد ایم ایل ایز کو پارٹی میں برقرار رکھنا اور انہیں انحراف سے بچانا ہے۔ گزشتہ چند مہینوں کے دوران پارٹی کے 10ایم ایل ایز کانگریس میں شامل ہوچکے ہیں جو بی آر ایس کے لیے زبردست جھٹکا ثابت ہوا۔

اب تک10 اراکین اسمبلی پارٹی سے منحرف ہو چکے ہیں۔ بی آر ایس کو 2023 کے اسمبلی انتخابات میں 39 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی کے مگر اب اس کے پاس صرف 28 ایم ایل ایز باقی رہ گئے ہیں۔ دوسری طرف پارلیمنٹ انتخابات میں پارٹی ایک بھی سیٹ برقرار نہیں رکھ سکی اس کے علاوہ سکندرا آباد کنٹونمنٹ حلقہ اسمبلی، جہاں موجودہ ایم ایل اے کی موت کے بعد ضمنی الیکشن منعقد ہوئے تھے، وہاں بھی بی آر ایس امیدوار کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

قیاس آرائیاں جا رہی ہیں کہ مزید کچھ بی آر ایس ایم ایل ایز کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے خواہاں ہیں۔ اس لیے حزب اختلاف کی اہم جماعت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ انحراف کے مسئلہ پر قابو پانے کے لیے، بی آر ایس سربراہ پارٹی کے ارکان مقننہ کو غیر ملکی دوروں پر بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔

ایم ایل ایز کو جاپان کے کچھ شہروں کا دورہ کرایا جانا تھا تاہم زلزلہ اور سونامی کی وارننگ کی خبروں کے بعد یہ منصوبہ ترک کر دیا گیا۔ شہر کے ایک ایم ایل اے نے کہا کے سی آر چاہتے تھے کہ ہم حکمرانی کے بہترین طریقوں کو دیکھنے کے لیے بیرونی ممالک کا دورہ کریں۔ ہم جاپان کا دورہ کرنا چاہتے تھے، لیکن زلزلہ کی وارننگ کے بعد یہ منصوبہ تبدیل کر دیا گیا۔

پارٹی قائدین نے کہا کہ پارٹی کے کار گزار صدر کے ٹی راما راؤ سمیت تمام 28 ایم ایل ایز غیر ملکی دورے پر جائیں گے۔ ایم ایل ایز نے مزید کہا کہ زیادہ تر امکان ہے کہ یہ دورہ اگلے مہینے کے پہلے ہفتہ میں شروع ہو جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی جانب سے پہلے ہی ٹکٹوں کی بکنگ کی جا چکی ہے تاہم اراکین اسمبلی کس ملک کا دورہ کریں گے، یہ واضح نہیں ہوا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ایم ایل ایز کو بیاچوں میں بھیجا جائے گا، اور بی آر ایس کے کار گزار صدر بھی اس سفر میں شامل ہوں گے۔

a3w
a3w