مہاراشٹرا

پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنا کروڑوں ہندوؤں کی توہین: شیو سینا (یو بی ٹی)

شیو سینا (یو بی ٹی) سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے دبئی میں اتوار کے دن ہند۔ پاک ایشیاء کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر مرکز کو یہ کہہ کر نشانہئ تنقید بنایا کہ یہ ملک دشمنی اور کروڑوں ہندوؤں کی بے عزتی ہے۔

ممبئی (آئی اے این ایس) شیو سینا (یو بی ٹی) سربراہ اُدھو ٹھاکرے نے دبئی میں اتوار کے دن ہند۔ پاک ایشیاء کرکٹ کھیلنے کی اجازت دینے پر مرکز کو یہ کہہ کر نشانہ تنقید بنایا کہ یہ ملک دشمنی اور کروڑوں ہندوؤں کی بے عزتی ہے۔

پارٹی ترجمان سامنا کے اداریہ میں ٹھاکرے نے کہا کہ یہ پہلگام کے بعد ایک اور دہشت ناک دہشت گردی ہے۔ یہ کروڑوں ہندو اور ان ماؤں بہنوں کی بے عزتی ہے جن کا سندور مٹا دیا گیا تھا۔

مرکز پر تنقید کرتے ہوئے اداریہ میں نشاندہی کی گئی کہ جاوید میاں داد جب پاکستانی کرکٹ کی وکالت کرنے ماتوشری (کلا نگر، باندرہ) آئے تھے تو شیو سینا کے بانی اور ہندو ہردے سمراٹ (ہندوؤں کے دلوں کے راجہ) بال ٹھاکرے نے ان سے کہہ دیا تھا کہ تم لوگ جب تک کشمیر میں ہندوؤں کا خون بہاتے رہوگے پاکستان کے ساتھ کوئی کرکٹ میچ نہیں ہوگا۔

دہشت گردی اور کرکٹ ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ اداریہ میں کہا گیا کہ عوام کو ملک کی عزتِ نفس اور ہندوؤں کے وقار کے لیے لڑنا ہوگا۔

سوال یہ ہے کہ کرکٹ میچ زیادہ اہم ہے یا پاکستان کو سبق سکھانا۔ اُدھو ٹھاکرے نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ میاچس ”جُوّا“ ہے اور بی جے پی کو اس کا فائدہ ہوتا ہے۔ حب الوطنی اور دیگر چیزیں، الیکشن جیتنے اور ووٹ حاصل کرنے کا معاملہ بن گئی ہیں۔