حیدرآبادجرائم و حادثات

معین آباد فارم ہاؤس میں غیرقانونی پارٹی پر پولیس کا چھاپہ، 51 غیرملکی حراست میں (ویڈیو)

سائبرآباد پولیس نے معین آباد کے ایک فارم ہاؤس میں رات گئے دی گئی غیرقانونی سالگرہ پارٹی پر چھاپہ مار کر 51 غیر ملکی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ یہ تقریب پولیس کی پیشگی اجازت کے بغیر منعقد کی گئی تھی جس میں بڑی مقدار میں شراب پیش کی جارہی تھی اور رات گئے تک بلند آواز میں میوزک چلایا جارہا تھا۔

حیدرآباد: سائبرآباد پولیس نے معین آباد کے ایک فارم ہاؤس میں رات گئے دی گئی غیرقانونی سالگرہ پارٹی پر چھاپہ مار کر 51 غیر ملکی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ یہ تقریب پولیس کی پیشگی اجازت کے بغیر منعقد کی گئی تھی جس میں بڑی مقدار میں شراب پیش کی جارہی تھی اور رات گئے تک بلند آواز میں میوزک چلایا جارہا تھا۔

یہ کارروائی 14 اگست کی رات تقریباً 10 بجے اس وقت انجام دی گئی جب پولیس کو بکارم ریونیو ویلیج کے ایس کے ریٹریٹ (SK Retreat) میں ایک غیرقانونی پارٹی کی خفیہ اطلاع ملی۔ راجندر نگر زون پولیس اور شمس آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم (SOT) فوری طور پر موقع پر پہنچی جہاں 14 مرد اور 37 خواتین جشن مناتے پائے گئے۔

چھاپہ کے دوران پولیس نے 90 بوتلیں انڈین میڈ فارن لِکر (IMFL) ضبط کیں جو بغیر کسی ایکسائز لائسنس کے رکھی گئی تھیں۔ پارٹی میں استعمال ہونے والے لاؤڈ اسپیکرز بھی ضبط کرلئے گئے۔

حراست میں لئے گئے غیر ملکی شہریوں کا تعلق 11 مختلف ممالک سے ہے۔ ان میں سب سے زیادہ 37 افراد یوگنڈا سے تھے۔

پولیس نے فوری طور پر امیگریشن حکام کو طلب کیا تاکہ سفری ویزوں اور ہندوستان میں قیام کے مقاصد کی جانچ کی جاسکے۔ تحقیقات کے بعد 6 خواتین اور 9 مرد جن کے پاس درست کاغذات تھے، رہا کر دئے گئے۔ دیگر کے خلاف بیورو آف امیگریشن نے پابندی کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں ہولڈنگ سینٹر منتقل کردیا۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ وہاں موجود دو خواتین اور ایک مرد کو پہلے گانجہ استعمال کرنے کے معاملات میں پکڑا جاچکا ہے۔

پولیس نے ایس کے ریٹریٹ فارم ہاؤس کے انتظامیہ کے خلاف شراب سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی اور بغیر اجازت تقریب منعقد کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ امیگریشن رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔