تلنگانہ

مطالبات منوانے کیلئے مسلمانوں میں سیاسی شعورکی ضرورت، کوہیر میں جلسہ عام  مفتی سید سلمان اور حافظ پیر خلیق احمد کا خطاب

مفتی صاحب نے فرمایا کے بچوں کے ذہن و دماغ میں یہ بات بچپن سے بٹھادینی چاہیے کہ کائنات میں سب سے بڑی نعمت اور سب سے بڑی خوش نصیبی کی بات اگر کوئی ہوسکتی ہے تووہ یہ ہیکہ کسی کو ایمان کی دولت نصیب ہوجائے۔

حیدرآباد: حضرت مولانا حافظ پیر شبیر احمدصاحب دامت برکاتہم صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش کے زیر صدارت متحدہ ضلع میدک کا عظیم الشان اجلاس عام بعنوان ”موجودہ حالات اور ملت اسلامیہ کی ذمہ داریاں“ جمعیۃ علماء کوہیر کے زیر اہتمام 17جنوری بروز جمعہ بعد نماز مغرب جامع مسجد کوہیر میں منعقد ہوا۔

متعلقہ خبریں
دعوت و تبلیغ کے اجتماع کی اخری نشست میں دین کی محنت کیلئے برادران اسلام کو دہلی مرکز کے اکابرین کی ترغیب
نظام اباد کے سے روزہ اجتماع سے مرکز حضرت نظام الدین کے اکابرین کے خطابات
درگاہ حضرت سید حافظ سید شاہ جلال الدین شاہ جمال البحر مشوق ربانی ثانیؒ کے 469 ویں عرس تقریبات
سرکاری دواخانہ نظام آباد میں مریضوں کے ساتھ علاج میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی: سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہاسپٹل
نظام آباد میں سہ روزہ تبلیغی اجتماع کا انعقاد

مہمان خصوصی حضرت مولانا مفتی سید سلمان صاحب منصورپوری دامت برکاتہم نائب امیر الہند جمعیۃ علماء و استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ آج کے جلسہ کا موضوع ایسا ہیکہ کسی ایک دن یا ایک موقع پر اس موضوع سے متعلق غور وفکرکرنا کافی نہیں ہے بلکہ ہردن ہرشخص کوفکر مند رہنے کی ضرورت ہے۔

مفتی صاحب نے فرمایا کے بچوں کے ذہن و دماغ میں یہ بات بچپن سے بٹھادینی چاہیے کہ کائنات میں سب سے بڑی نعمت اور سب سے بڑی خوش نصیبی کی بات اگر کوئی ہوسکتی ہے تووہ یہ ہیکہ کسی کو ایمان کی دولت نصیب ہوجائے۔

اگر بچوں کے دل میں یہ بات بیٹھ جائے تو وہ کیسے ہی حالات ہوں ایما ن سے محرومی کو ہر گز برداشت نہیں کرینگے۔مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں فرمایا دنیا دارالاسباب ہے اسلئے دینی مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے بھی اسباب کی ضرورت ہیں۔

 مفتی صاحب نے فرمایا ان اسباب کو اللہ تعالی نے قرآن مجید میں بیان فرمایا کہ تم میں ایک ایسی جماعت ہوجو دعوت الی الخیر کا کام انجام دیتی ہو‘ معروف باتوں کو بیان کرتی ہو او رمنکر پر نکیر کرتی ہو۔دوران خطاب حضرت مفتی صاحب نے فرمایا تصاویرکو عزت کے ساتھ لٹکانا گناہ ہے۔ جس گھر میں تصاویر ہوتی ہیں وہاں رحمت کے فرشتے نہیں آتے۔

مفتی صاحب نے فرمایا کہ آج ہم گھروں میں برکت والے اسباب اختیارنہیں کرتے ہیں اور بے برکتی اور نحوست کی شکایت کرتے ہیں۔محترم حافظ پیر خلیق احمد صابر صاحب جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء تلنگانہ و آندھراپردیش نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ آج ہم اپنے اندر سیاسی شعورپیدا کرے۔

 سیاسی شعور کے فقدان کی وجہ سے آج ہمارے مطالبات بھی ویسے ٹھوس نہیں ہوتے ہیں جیسے ہونے چاہیے۔جنرل سکریٹری ریاستی جمعیۃ علماء نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء اس بات کی کوشش کررہی ہے کہ مسلمانوں کے اندر سیاسی شعور بیدار ہواس مقصد کیلئے جمعیۃ علماء تلنگانہ پہلے اضلا ع میں پروگرام اور جلسہ منعقد کررہی ہے ۔

اس سلسلہ کا کوہیر میں یہ پہلا جلسہ منعقد ہورہا ہے  اور پھر آخر میں ایک عظیم الشان جلسہ عام 26اپریل کو حیدرآباد میں منعقدہوگا جس میں لاکھوں کی تعدادمیں ریاست بھر سے مسلمان شرکت کرتے ہوئے اپنے مطالبات کو منوائیں گے۔اس جلسہ عام سے ہندوستان کے مؤقر و معروف علمائے کرام خطاب فرمائیں گے۔

حافظ پیر خلیق احمد صابر نے کہا ہمارے حکومت سے 4اہم مطالبات ہیں پہلا مطالبہ یہ ہیکہ ہیٹ کرائم اور ہیٹ اسپیچ کے خلاف قانون بنایا جائے۔ دوسرا مطالبہ عبادت گاہوں سے متعلق 1991کے قانون پر عمل آور ی کی جائے۔ تیسرا مطالبہ وقف جائیدادوں کا تحفظ ہو۔چوتھا مطالبہ یہ ہیکہ مسلمانوں اور تمام اقلیتوں کو آبادی کی حساب سے سیاسی اور سماجی حقوق۔

اسمبلی‘ کونسل اور مقامی ادارہ جات‘ کارپوریشنوں اور مختلف محکموں میں میں جگہ ملنی چاہیے۔پیر خلیق احمد صابر نے کہا کہ جب تک ہم اپنی طاقت اور اپنے وجود کا احساس نہیں کرائیں  گے اس وقت تک یہ حکومتیں اورمخالفین ہمیں ایسے ہی استعمال کرتے رہیں گے آج ضرورت اس بات کی ہیکہ ہم متحدہ طور اپنے وجود کا احساس دکھائیں اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔

قبل ازیں اجلاس عام سے مفتی اسلم سلطان صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی‘ مفتی عبدالصبور صاحب قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی‘ مفتی عبداللہ اظہر صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے بھی خطاب کیا۔

علاوہ ازیں مولانا قاضی محمد مسیح الدین صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع میدک‘ مولانا محمد سمیع اللہ صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد‘مولانا محمد مجیب صاحب قاسمی‘ مولانا نصیر صاحب مظاہری‘ مولانا حامد صاحب قاسمی بھی اس موقع پر موجودتھے۔

جلسہ عام میں جمعیۃ علماء ضلع سنگاریڈی اور میدک کے اہم ذمہ دار ن نارائن کھیڑ، سداسیوپیٹ، نرساپور، کوہیر، ظہیرآباد، مگڑم پلی، جھرہ سنگم، نیالکل منڈل کے مقامی ذمہ داران‘ علماء‘ حفاظ‘ ائمہ‘ ذمہ دارن مدارس ومکاتب کے علاوہ مسلمانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ مولانا شوکت صاحب مظاہری نے جلسہ کی کاروائی چلائی جبکہ مفتی عبدالباسط مظاہری صدر جمعیۃ علماء منڈل کوہیر واراکین جمعیۃ و انتظامی کمیٹی جامع مسجد کوہیر و نوجوانان کوہیر نے جلسہ کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور جلسہ کو کامیاب بنایا۔

حافظ محبوب کی قراء ت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ حافظ فیضان بلالی اور مولانا مذکر صاحب رحمانی نے نعت پاک پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔مہمان خصوصی کی دعاء پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ جلسہ کے اختتام پر تمام شرکاء کیلئے طعام کا نظم کیا گیا تھا۔جلسہ عام میں خواتین کی بھی کثیر تعداد شریک تھی۔