مشرق وسطیٰ

مدینہ منورہ: رؤی المدینہ کے نام سے منصوبے کا آغاز

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ روز ’رؤی المدینہ‘ پروجیکٹ کے ماسٹر پلان اور انفرااسٹرکچر پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ منصوبہ مسجد نبوی کے مشرق میں واقع علاقے میں قائم کیا جارہا ہے۔

ریاض: مدینہ منورہ میں عمرہ زائرین کی سہولت اور ان کی اعلیٰ معیاری خدمت کے پیش نظر جدید تقاضوں کے عین مطابق رؤی المدینہ کے نام سے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ روز ’رؤی المدینہ‘ پروجیکٹ کے ماسٹر پلان اور انفرااسٹرکچر پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ منصوبہ مسجد نبوی کے مشرق میں واقع علاقے میں قائم کیا جارہا ہے۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کا ہے اسے رؤی المدینہ ہولڈنگ کمپنی نافذ کررہی ہے۔ اس کے تحت مدینہ منورہ میں فروغ املاک کا کام ہوگا۔ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سعودی ویژن 2030 کے تحت ابھرتے ہوئے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ یہ پروجیکٹ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جو اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی مجلس انتظامیہ کے بھی سربراہ بھی ہیں، کہا کہ یہ منصوبہ 2030 تک 30 ملین عمرہ زائرین کی میزبانی کے انتظامات بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا اوراس حوالے سے وژن 2030 کے اہداف پورے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ عالمی معیار کے مطابق نافذ کیا جائے گا۔ سعودی حکومت چاہتی ہے کہ مدینہ کے زائرین کو اعلیٰ معیاری خدمات مہیا ہوں۔ خدمات اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہوں کہ زائرین صحیح معنوں میں اسلامی و ثقافتی زیارت گاہ پہنچے ہیں جو جدید تقاضوں کے عین مطابق ہے۔