پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی
وزارت داخلہ نے کہا کہ تحقیقات میں پی ایف آئی کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد اس پر اور اس سے متعلقہ اداروں پر فوری اثر کے ساتھ 5 سال کے لئے پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور اس سے منسلک تنظیموں کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے پر غیر قانونی تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر فوری اثر کے ساتھ پانچ سال کے لئے پابندی عائد کردی ہے۔
وزارت داخلہ نے منگل کی دیر رات جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں کہا کہ پی ایف آئی نوجوانوں، طلباء، خواتین، اماموں، وکلاء اور معاشرے کے کمزور طبقات تک اپنی رسائی بڑھا کر ایک خفیہ ایجنڈے کے تحت ایک مخصوص طبقے کو بنیاد پرست بنا رہی ہے۔ تنظیم کا مقصد جمہوریت کے تصور کو کمزور کرنا اور آئین کے خلاف کام کرنا ہے۔
وزارت داخلہ نے کہا کہ تحقیقات میں پی ایف آئی کے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے بعد اس پر اور اس سے متعلقہ اداروں پر فوری اثر کے ساتھ 5 سال کے لئے پابندی عائد کی جا رہی ہے۔
خیال ر ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے گزشتہ ہفتے پورے ملک میں پی ایف آئی کے 100 سے زائد ٹھکانوں پر چھاپے مارے اور اس کے کئی ارکان کو گرفتار کیا تھا۔