حیدرآباد

شہر میں 1500واں جشنِ میلادالنبی ﷺ، روح پرور محافل کی تیاریاں مکمل

حضور اکرم ﷺ کے 1500ویں جشنِ میلاد کے موقع پر شہر بھر میں روح پرور محافل اور پروگرامس حسبِ معمول منعقد ہوں گے۔ زیارتِ آثارِ مبارک، خطبہ میلاد اور دیگر اجتماعات میلاد مصطفیٰ ﷺ کے دن ہی ہوں گے۔

حیدآباد : حضور اکرم ﷺ کے 1500ویں جشنِ میلاد کے موقع پر شہر بھر میں روح پرور محافل اور پروگرامس حسبِ معمول منعقد ہوں گے۔ زیارتِ آثارِ مبارک، خطبہ میلاد اور دیگر اجتماعات میلاد مصطفیٰ ﷺ کے دن ہی ہوں گے۔ تاہم، مرکزی میلاد جلوس کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ مرکزی جلوس اتوار 14 ستمبر کو بعد نمازِ ظہر تاریخی مکہ مسجد سے برآمد ہوگا۔

اس جلوس کے کامیاب انعقاد کے لیے مرکزی خانقاہ شطاریہ دبیرپورہ میں ایک اہم اجلاس صدر کمیٹی مولانا سید شیخن احمد قادری شطاری کامل پاشاہ کی نگرانی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں انتظامات کو قطعیت دی گئی اور علماء و مشائخ کے ہاتھوں جلوس کے پوسٹر کی رسمِ اجراء انجام پائی۔

اجلاس میں مختلف ذمہ داریاں بھی طے کی گئیں۔ مولانا سید احمد الحسینی سعید القادری کو جوائنٹ کنوینر، مولانا سید سیف اللہ حسینی کو جوائنٹ سکریٹری اور مولانا ڈاکٹر خواجہ محمد شجاع الدین افتخاری کو معتمد نشر و اشاعت مقرر کیا گیا۔ اس موقع پر مزید علماء و مشائخ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا اور والینٹرس کے لیے تربیتی اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ جلوس کے دوران نظم و ضبط قائم رکھا جا سکے۔

مولانا حافظ محمد مظفر حسین خان قادری کے مطابق جلوس کے روٹ پلان، ٹریفک پولیس کے تعاون اور گزشتہ سال درپیش مشکلات کے حل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ، مزید خیرمقدمی اسٹیجز قائم کرنے اور شہر کے علاوہ ریاست کے بڑے شہروں کی مساجد و درگاہوں کو چراغاں کرنے کی تجاویز بھی دی گئیں۔