کھیل

پریتی پال نے 100 میٹر ریس مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیتا (ویڈیو)

ہندوستانی رنر پریتی پال نے جمعہ کو پیرس پیرا لمپک 2024 گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 100 میٹر ٹی 35 ریس میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔

پیرس: ہندوستانی رنر پریتی پال نے جمعہ کو پیرس پیرا لمپک 2024 گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کی 100 میٹر ٹی 35 ریس میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ پیرالمپکس میں 100 میٹر میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی پیرا ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں
میربائی چانو بھی میڈل سے محروم، ہندوستانی اتھلیٹ کو ویٹ لفٹنگ مقابلہ میں شکست

پیرس میں آج دوپہر بارش کی وجہ سے اسٹیڈ ڈی فرانس کا ٹریک نم تھا لیکن پریتی پر اس کا کوئی اثر نظر نہیں آیا۔ سخت مقابلے کے باوجود پریتی نے اپنی بہترین کارکردگی دکھائی اور 100 میٹر ٹی-35 ریس 14.21 سیکنڈ میں مکمل کرکے کانسے کا تمغہ جیتا۔

نیشنل پیرا ایتھلیٹکس چمپئن شپ (2024) گولڈ میڈلسٹ پریتی پال نے پیرالمپکس میں ہندوستان کے لیے تیسرا تمغہ جیتا ہے۔

پریتی پہلی بار پیرالمپکس میں حصہ لے رہی تھیں۔ پیرا اولمپکس میں یہ ان کا پہلا تمغہ ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پریتی نے کہا، ”میں یقین نہیں کر سکتی کہ میں نے ملک کے لیے تمغہ جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرا پہلا پیرا اولمپکس تھا اور یہ میرا پہلا تمغہ ہے۔ انہوں نے اپنے کنبہ، ساتھیوں اور رشتہ داروں کی حمایت اور تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔

اتر پردیش کے مظفر نگر سے تعلق رکھنے والی پریتی (23) کو کم عمری میں ہی سریبرل پالسی کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے ابتدائی طور پر میرٹھ میں بلند حوصلے کے ساتھ تربیت حاصل کی اور پھر سنتھیٹک ٹریک پر ٹریننگ کے لیے نئی دہلی چلی گئی اور اس سے اس کی زندگی میں بہت بڑی تبدیلی آئی۔

پریتی نے 2023 ایشین پیرا گیمز میں خواتین کی 100 میٹر اور 200 میٹر ٹی 35 کیٹیگری میں چوتھا مقام حاصل کیا تھا۔

اس کے بعد انہوں نے انڈین اوپن پیرا ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں دو گولڈ میڈل جیتے اور اس سے انہیں ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چمپئن شپ کے لئے اچھی تیاری ملی۔ پریتی نے خواتین کی 100 میٹر اور 200 میٹر ریس کے ٹی 35 زمرے میں کانسہ کا تمغہ جیتا، جس سے انہیں نہ صرف پیرس پیرا اولمپکس کا کوٹہ ملا بلکہ بین الاقوامی مقابلے میں ان کا پہلا تمغہ بھی ملا۔

a3w
a3w