پرینکا گاندھی، وائناڈ سے پرچہ نامزدگی داخل کریں گی
کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا چہارشنبہ کے دن حلقہ لوک سبھا وائناڈ کے ضمنی الیکشن کے لئے اپنی نامزدگی داخل کریں گی۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا چہارشنبہ کے دن حلقہ لوک سبھا وائناڈ کے ضمنی الیکشن کے لئے اپنی نامزدگی داخل کریں گی۔ پارٹی ذرائع نے یہ بات بتائی۔
کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے‘ سابق صدور سونیا گاندھی اور راہول گاندھی اس موقع پر موجود رہیں گے۔ نامزدگی داخل کرنے سے قبل راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کلپیٹا نیو بس اسٹانڈ سے صبح 11 بجے سے روڈ شو کریں گے۔
23 اکتوبر کی دوپہر (12 بجے) ضلع کلکٹر کے اجلاس پر نامزدگی داخل کی جائے گی۔ پرینکا گاندھی‘ وائناڈ پارلیمانی حلقہ سے یو ڈی ایف امیدوار ہیں۔ کانگریس کے چیف منسٹرس اور پارٹی کے ممتاز قومی و ریاستی قائدین کے بھی موجود رہنے کا امکان ہے۔
پرینکا گاندھی‘ کیرالا کے حلقہ سے پہلی مرتبہ انتخابی سیاست میں قدم رکھ رہی ہیں۔ وہ سرگرم سیاست میں حصہ لینے کے 5 سال بعد پارلیمنٹ میں داخل ہوسکتی ہیں۔
کانگریس نے جون میں اعلان کردیا تھا کہ راہول گاندھی‘ اترپردیش کی پارلیمانی نشست رائے بریلی برقرار رکھیں گے اور کیرالا کی وائناڈ نشست خالی کردیں گے جہاں سے ان کی بہن پرینکا گاندھی وڈرا انتخابی سیاست میں قدم رکھیں گی۔ پرینکا گاندھی اگر منتخب ہوجائیں تو پارلیمنٹ میں گاندھی خاندان کے 3 ارکان سونیا گاندھی‘ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی ایک ساتھ موجود ہوں گے۔