سکھ علٰحدگی پسند گرپتونت سنگھ پنو کی جائیدادیں ضبط
این آئی اے کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ امرتسر کے موضع خان کوٹ میں 46کنال (5.7ایکڑ) زرعی اراضی اور چندی گڑھ کے سیکٹر15/C میں مکان کا ایک چوتھائی حصہ ضبط کرلیاگیا۔
نئی دہلی/چندی گڑھ: کینڈا میں مقیم دہشت گرد گرپتونت سنگھ پنو کے اطراف شکنجہ کستے ہوئے این آئی اے نے ممنوعہ تنظیم سکھس فارجسٹس کے خودساختہ جنرل کونسل کا مرکزی زیرانتظام علاقہ چندی گڑھ والا مکان اورامرتسروالی زرعی زمین ضبط کرلی۔
این آئی اے کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ امرتسر کے موضع خان کوٹ میں 46کنال (5.7ایکڑ) زرعی اراضی اور چندی گڑھ کے سیکٹر15/C میں مکان کا ایک چوتھائی حصہ ضبط کرلیاگیا۔
این آئی اے نے پہلی مرتبہ کسی مفرور ملزم کی جائیدادیں یواے پی اے سیکشن (5)33 کے تحت ضبط کی ہیں۔ پنو 2019ء سے این آئی اے کے راڈار پرتھا۔ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے چندی گڑھ اور امرتسر میں ہفتہ کے دن گرپتونت سنگھ پنو کی غیرمنقولہ جائیدادیں ضبط کرلیں۔
پنو ممنوعہ تنظیم سکھس فارجسٹس کا سربراہ ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایاکہ خالصتان نواز قائد پنو کے چندی گڑھ والی رہائش گاہ کے باہر اور امرتسر میں زرعی اراضی کے قریب جائیداد ضبطی کی نوٹسیس لگادی گئیں۔
این آئی اے نے یہ اقدام ایسے وقت کیا ہے جب ہندوستان اور کینڈا کے درمیان خالصتانی انتہاپسندہردیپ سنگھ نجارکی جون میں برٹش کولمبیا میں نامعلوم قاتلوں کے ہاتھوں ہلاکت کے مسئلہ پر سفارتی تنازعہ شدت اختیارکرتا جارہا ہے۔ پنو پر ہندو کینڈینس پر حملہ اور انہیں کینڈا چھوڑکر ہندوستان واپس چلے جانے کی دھمکی دینے کا الزام ہے۔