مہاراشٹرا

پونے بم دھماکہ کیس، فاروق باغبان کو ضمانت منظور

بمبئی ہائی کورٹ نے 2012ء کے پونے دھماکہ کیس کے ملزم کو اس حوالہ سے ضمانت دے دی کہ وہ جیل میں طویل عرصہ گزار چکا ہے اور کیس کی سماعت میں تاخیر ہورہی ہے۔

ممبئی (پی ٹی آئی) بمبئی ہائی کورٹ نے 2012ء کے پونے دھماکہ کیس کے ملزم کو اس حوالہ سے ضمانت دے دی کہ وہ جیل میں طویل عرصہ گزار چکا ہے اور کیس کی سماعت میں تاخیر ہورہی ہے۔

درخواست گزار فاروق باغبان نے 12سال جیل میں گزارے اور کیس کی سماعت عنقریب مکمل ہونے کا امکان دکھائی نہیں دیتا۔ جسٹس اے ایس گڈکری اور جسٹس راجیش پاٹل پر مشتمل بنچ نے منگل کے دن اسے ضمانت دے دی۔

ہائی کورٹ نے کہا کہ تحت کی عدالت میں 170کے منجملہ صرف 27 گواہوں پر جرح ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ فاروق باغبان کے خلاف کوئی اور فوجداری مقدمہ نہیں ہے۔ بنچ نے اسے ایک لاکھ روپے کے پرسنل بانڈ پر ضمانت منظور کی۔

یکم اگست 2012ء کو مصروف جنگلی مہاراج روڈ پر 5 کم شدت کے دھماکے ہوئے تھے، جن میں ایک شخص زخمی ہوا تھا۔ ریاستی اے ٹی ایس نے فاروق باغبان کو دسمبر 2012ء میں گرفتار کیا تھا۔ استغاثہ کا کیس ہے کہ پونے کی یروڑہ جیل میں انڈین مجاہدین کے کارندہ قتیل صدیقی کی جون 2012ء میں موت کا بدلہ لینے کے لئے یہ دھماکے کئے گئے تھے۔

اے ٹی ایس نے جملہ 9 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ فاروق باغبان پر الزام ہے کہ دھماکوں کی سازش اسی کی دوکان میں کی گئی تھی۔