مہاراشٹرا

ویڈیو: راہول گاندھی کی زبان جلادی جائے:انیل بونڈے

بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا انیل بونڈے نے کہا ہے کہ کانگریس قائد راہول گاندھی کی زبان جلادینی چاہئے جس پر نیا تنازعہ پیدا ہوگیا۔

ناگپور(مہاراشٹرا): بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا انیل بونڈے نے کہا ہے کہ کانگریس قائد راہول گاندھی کی زبان جلادینی چاہئے جس پر نیا تنازعہ پیدا ہوگیا۔

متعلقہ خبریں
سدارامیا کو ’’کاہل‘‘ قرار دینے پر بی جے پی ایم پی کے خلاف ایف آئی آر درج
مہوا موئترا پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کا نیا الزام

مہاوکاس اگھاڑی قائدین بھڑک گئے۔ انیل بونڈے‘ برسراقتدار شیوسینا کے رکن اسمبلی حلقہ بلڈھانہ سنجے گائیکواڈ کی طرف سے راہول گاندھی کی زبان کاٹنے والے کو 11 لاکھ روپے کا انعام دینے کے اعلان پر ردعمل ظاہر کررہے تھے۔

گائیکواڈ کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے بونڈے نے کہا کہ راہول گاندھی کی زبان کاٹنے کے بجائے اسے ’چٹکہ‘ (چرکہ) دینا چاہئے کیونکہ اس شخص نے بیرون ِ ملک اپنے وطن کی بے عزتی کی۔ بونڈے نے کہا کہ گائیکواڈ نے زبان کاٹ دینے کی جو بات کہی ہے وہ مناسب نہیں ہے۔

راہول گاندھی نے کوٹہ کے تعلق سے جو کہا ہے وہ تکلیف دہ ہے۔ اگر کوئی بیرون ِ ملک جاکر احمقوں کی طرح بات کرے تو اس کی زبان جلادینی چاہئے۔ 2 دن قبل گائیکواڈ کے بیان پر بڑا تنازعہ پیدا ہوا تھا۔ برسراقتدار مہایوتی کو شرمندگی اٹھانی پڑی تھی اور ریاست میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج ہوئی تھی۔ کانگریس صدر ملیکارجن کھرگے نے وزیراعظم سے راست یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔

انہوں نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ بی جے پی قائدین کو لگام دی جائے۔ مہاوکاس اگھاڑی میں شامل جماعتوں کانگریس‘ شیوسینا (یو بی ٹی) اور این سی پی(ایس پی) قائدین نے بی جے پی پر سخت تنقید کی تھی کہ وہ سارے ملک میں نفرت پھیلارہی ہے۔

کانگریس کے ترجمان ِ اعلیٰ اتل لونڈھے نے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہر جگہ ناتھورام گوڈسے موجود ہے لیکن اِس بار وہ گاندھی کو ہلاک نہیں کرپائے گا۔ اس کے نتائج بھگتنے ہوں گے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) ترجمان کشور تیواری نے کہا کہ یہ بی جے پی کی ناپاک حکمت عملی ہے جو کسی بھی قیمت پر اپوزیشن کو خاموش کرنا چاہتی ہے۔

وہ راہول گاندھی کی زبان کو اس لئے نشانہ بنارہی ہے کہ وہ تمام بڑے مسائل پر جرأت مندی سے حکومت کو للکاررہے ہیں۔ قائد اپوزیشن کی حیثیت سے راہول گاندھی ”جواب دہی“ کا جو بنیادی سوال اٹھارہے ہیں اس کا دنیا بھر میں اثر دیکھا جارہا ہے۔ بی جے پی بوکھلاگئی ہے۔

وہ راہول گاندھی کے خلاف پرتشدد زبان استعمال کرنے پر اترآئی ہے۔ یہ بدبختی کی بات ہے۔ وزیراعظم کو شخصی طورپر اپنے آدمیوں کو اسے روکنا چاہئے۔ ممبئی کے ایک سینئر کانگریس قائد نے کہا کہ کئی سال میں پہلی مرتبہ بی جے پی نے قائد اپوزیشن کی حقیقت طاقت کا مزہ چکھا ہے۔

اب وہ ان کا بڑھتا اثرورسوخ روک نہیں پارہی ہے۔ وہ زبان کاٹنے یا جلانے کی دھمکیاں دے کر انہیں ڈرانے کی کوشش کررہی ہے۔ تیواری نے کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کارکن‘ گائیکواڈ کے خلاف ایف آئی آر درج کراچکے ہیں اور اب ایسی ہی ایف آئی آر بونڈے کے خلاف درج کرائی جائے گی۔

a3w
a3w