علم و ادب کی خدمات کا اعتراف زندہ قوموں کی پہچان: جشنِ ڈاکٹر محسن جلگانوی
یہ تقریب کل شب ٹولی چوکی، حیدرآباد میں واقع سکسس دی اسکول آڈیٹوریم میں تلنگانہ اردو تحریک کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں علم و ادب سے وابستہ شخصیات، شعرا، ادبا اور اہلِ ذوق کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قمقموں سے آراستہ آڈیٹوریم سامعین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
حیدرآباد: ممتاز شاعر، ادیب اور صحافی ڈاکٹر محسن جلگانوی کو ان کی گراں قدر ادبی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے تلنگانہ اردو اکیڈمی کے باوقار “مولانا ابوالکلام آزاد نیشنل ایوارڈ” سے نوازے جانے پر ایک شاندار تقریب “جشنِ ڈاکٹر محسن جلگانوی” منعقد کی گئی۔
یہ تقریب کل شب ٹولی چوکی، حیدرآباد میں واقع سکسس دی اسکول آڈیٹوریم میں تلنگانہ اردو تحریک کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں علم و ادب سے وابستہ شخصیات، شعرا، ادبا اور اہلِ ذوق کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قمقموں سے آراستہ آڈیٹوریم سامعین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔
تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلے حصے میں منعقدہ ادبی اجلاس کی صدارت پروفیسر ایس اے شکور، ڈائریکٹر دائرۃالمعارف، جامعہ عثمانیہ نے کی۔ طارق انصاری (صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن)، شیخ فرید (سابق رکن ساوتھ سنٹرل ریلوے بورڈ) اور پروفیسر مقبول فاروقی نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ جشن کے کنوینر سعداللہ خان سبیل نے نظامت کے فرائض انجام دیے جبکہ بصیر خالد (صدر بزم ہم خیال، ٹولی چوکی) نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
تقریب کا آغاز قاری محمد عفان اللہ کی تلاوتِ کلامِ پاک اور ڈاکٹر طیب پاشا قادری کی نعتِ رسول ﷺ سے ہوا۔ ممتاز شاعر ارشد شرفی نے تہنیتی کلام پیش کیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ تلنگانہ اردو اکیڈمی کا سب سے بڑا اعزاز اب مولانا ابوالکلام آزاد نیشنل ایوارڈ ہے، جو زبان، ادب، تعلیم اور طب میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محسن جلگانوی اس ایوارڈ کے مکمل طور پر مستحق ہیں اور حکومتِ تلنگانہ نے ایک قابل اور اہل شخصیت کا انتخاب کیا ہے۔
صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن طارق انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر محسن جلگانوی گزشتہ 65 برسوں سے اردو زبان و ادب کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ وہ بیک وقت شاعر، ادیب اور صحافی ہیں اور ان کی دو درجن سے زائد معیاری تصانیف شائع ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی خدمات کا ان کی زندگی میں اعتراف زندہ قوموں کی علامت ہے۔
بانی و چیئرمین اردو کلچرل ہیریٹیج فاؤنڈیشن محمد عبدالرحمن سلیم نے ڈاکٹر محسن جلگانوی کی ادبی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ جبکہ صدر تلنگانہ اردو تحریک سعداللہ خان سبیل نے انہیں ہمہ جہت شخصیت قرار دیا۔
دہلی سے آئے حیدر آفاق نے بتایا کہ ڈاکٹر محسن جلگانوی نے محکمہ ریلوے میں اپنے 30 سالہ دورِ ملازمت کے دوران اردو زبان کی عملی خدمت کی، جن میں اردو میں ریلوے ٹائم ٹیبل کی اشاعت اور 1979 میں تاریخی مشاعرے کا انعقاد شامل ہے۔
اس موقع پر مختلف ادبی تنظیموں کی جانب سے ڈاکٹر محسن جلگانوی کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر محسن جلگانوی نے حکومتِ تلنگانہ، تلنگانہ اردو اکیڈمی اور محکمہ اقلیتی بہبود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حیدرآباد کو اپنا وطنِ ثانی بنایا ہے اور اس شہر سے ان کی محبت اور وابستگی ہمیشہ قائم رہے گی۔
تقریب کے دوسرے حصے میں ایک شاندار مشاعرہ منعقد ہوا جس کی صدارت آرکیٹکٹ محمد عبدالرحمن سلیم نے کی۔ مشاعرے میں ڈاکٹر محسن جلگانوی سمیت ملک کے ممتاز شعرا نے اپنا کلام پیش کیا اور سامعین سے خوب داد و تحسین حاصل کی۔