حیدرآباد

موسی ندی کو ترقی دینے میں حکومت تلنگانہ ناکام: کشن ریڈی

کشن ریڈی نے عنبرپیٹ کے بعض علاقوں کا دورہ کیا اور موسی رام باغ بریج کا بھی معائنہ کیا جس پر حالیہ بارش کے دوران بڑے پیمانہ پر پانی جمع ہوگیا تھا۔پولیس نے اس بریج کو بند کردیاتھا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس اور وزیراعلی کے چندرشیکھرراو پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے شہر حیدرآباد کی موسی ندی کو ترقی دینے میں ناکامی کا الزام لگایا اور کہا کہ اس ندی کو نظرانداز کرنے کے نتیجہ میں حالیہ دنوں کے دوران سیلاب کی صورتحال پیداہوئی ہے۔

انہوں نے حیدرآباد کے عنبرپیٹ کے بعض علاقوں کا دورہ کیا اور موسی رام باغ بریج کا بھی معائنہ کیا جس پر حالیہ بارش کے دوران بڑے پیمانہ پر پانی جمع ہوگیا تھا۔پولیس نے اس بریج کو بند کردیاتھا۔اس موقع پر مسٹرریڈی نے الزام لگایا کہ ٹی آرایس حکومت ماضی سے سبق سیکھنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ گذشتہ سال شہر حیدرآباد میں شدید بارش ہوئی تھی اورجاریہ سال بھی شدید بارش ہوئی تاہم ریاستی حکومت سورہی ہے۔بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ریاستی حکومت موسی ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کے قیام کے لئے صرف اعلانات تک ہی محدود ہے۔

انہوں نے یاددہانی کروائی کہ حکومت نے موسی ریورفرنٹ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے لئے صدرنشین اورارکان کو مقرر کیا تاہم یہ کام صرف اعلانات تک ہی محدود رہا۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے موسی ندی کی ترقی کے لئے کچھ بھی نہیں کیا جس کے نتیجہ میں اس کے قریب واقع علاقوں میں پانی جمع ہوگیا اور کئی مکانات میں پانی داخل ہوگیا۔

ریاستی حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کو بچانے میں بھی ناکام رہی۔انہوں نے ریاست میں بارش اور سیلاب کی صورتحال کے باوجود وزیراعلی کے دورہ دہلی پر نکتہ چینی کی۔