ہندوستانی نژاد خاتون کی بچے واپس دلوانے ہند۔پاکستان حكومتوں سے درخواست
ایک ہندوستانی نژاد خاتون نے جسے مبینہ طور پر اس کے پاکستانی شوہر نے چھوڑدیاہے‘ دونوں ملکوں کی حکومتوں سے مددمانگی تاکہ اپنے بچوں کو واپس حاصل کرسکے۔
نئی دہلی: ایک ہندوستانی نژاد خاتون نے جسے مبینہ طور پر اس کے پاکستانی شوہر نے چھوڑدیاہے‘ دونوں ملکوں کی حکومتوں سے مددمانگی تاکہ اپنے بچوں کو واپس حاصل کرسکے۔
ممبئی کی ساکن فرزانہ بیگم نے بتایاکہ اس کی شادی 2015ء میں ابوظبی میں یوسف مرزا الٰہی کے ساتھ ہوئی تھی اور دو تین سال بعد وہ اسے دھوکہ سے پاکستان لے گیاتھا۔
بعدازاں وہ دونوں اپنے دونوں بچوں کے ساتھ ابوظبی واپس لوٹ آئے تھے۔ فرزانہ نے یہ بھی دعویٰ کیاکہ یوسف نے اس سے پہلے کئی شادیاں کی ہیں اور یہ بات اس سے چھپائی تھی۔
اس نے مزید دعویٰ کیاکہ یوسف نے اپنے پچھلی بیویوں اور بچوں کو بھی اسی انداز میں چھوڑاتھا۔ اب اس نے لاہور کی ایک عدالت میں درخواست داخل کی ہے اور انصاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
توقع ہے کہ اس درخواست کی سماعت 15اگست کو ہوگی۔ فرزانہ نے حکومت پاکستان اور حکومت ہند سے مدد مانگی ہے کہ وہ اس کے بچے واپس دلائیں۔ اس نے ہندوستانی سفارتخانہ سے درخواست کی ہے کہ وہ اس مسئلہ پر ابوظبی میں حکام کے ساتھ بات چیت کریں۔
متاثرہ خاتون کے پاکستانی وکیل نے کہا کہ فرزانہ ایک پاکستانی شہری کی بیوی ہے اور دوپاکستانی بچوں کی ماں ہے۔ اسی لئے فرزانہ کو بھی اس ملک میں وہی حقوق حاصل ہیں جوکسی پاکستانی شہری کو ملتے ہیں۔ حکومت پاکستان کا یہ فرض ہے کہ وہ اس معاملہ میں فرزانہ کی مدد کرے۔