اے پی میں سڑک حادثہ۔ایک ہی خاندان کے 6افراد ہلاک
شادی میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران آندھراپردیش کے مشرقی گوداوری ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

حیدرآباد: شادی میں شرکت کے بعد واپسی کے دوران آندھراپردیش کے مشرقی گوداوری ضلع میں پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ حادثہ،ضلع کے اننت پلی گاوں کے قریب نیشنل ہائی وے پر اُس وقت پیش آیا جب کار کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اور یہ لاری قومی شاہراہ پر ٹہری لاری سے ٹکرا گئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار6افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کررہا تھا۔حادثہ میں کار کو شدید نقصان پہنچا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے کار سے لاشوں کونکالتے ہوئے پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال بھیج دیا۔
مہلوکین میں تین خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ یہ کار راجمندری سے وجئے واڑہ جارہی تھی۔
اس کار میں 8افراد سوار تھے۔حادثہ میں دیگر دو افراد بھی شدید زخمی ہوگئے جن کو علاج کے لئے قریبی اسپتال منتقل کیاگیا۔مہلوکین کاتعلق راجہ مہیندراورم ضلع کے پرکاش نگر سے ہے۔
مرنے والوں میں ستی بابو، روی تیجا، شراوانی کماری،ارو نا اوردیگر شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کر کے جانچ شروع کردی۔