آر ٹی سی بس ہوئی بے قابو، فلائی اوور کے پلر سے ٹکرانے سے بال بال بچی، بڑا حادثہ ٹل گیا
اتوار کی دوپہر میڈچل ضلع کے میڈپلی پولیس اسٹیشن حدود میں ایک خوفناک حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایک آر ٹی سی بس اچانک بے قابو ہوکر اپّل–نارا پلی ایلی ویٹڈ فلائی اوور کاریڈور کے پلر نمبر 102 کے قریب جا پہنچی۔
حیدرآباد: اتوار کی دوپہر میڈچل ضلع کے میڈپلی پولیس اسٹیشن حدود میں ایک خوفناک حادثہ اس وقت ٹل گیا جب ایک آر ٹی سی بس اچانک بے قابو ہوکر اپّل–نارا پلی ایلی ویٹڈ فلائی اوور کاریڈور کے پلر نمبر 102 کے قریب جا پہنچی۔
یہ بس یادگیر گٹہ سے حیدرآباد آرہی تھی اور اس میں بڑی تعداد میں عقیدت مند سوار تھے جو یدادری لکشمی نرسمہا سوامی کے درشن کے بعد شہر واپس لوٹ رہے تھے۔ حیدرآباد–ورنگل نیشنل ہائی وے کے میڈپلی علاقے میں داخل ہوتے ہی بس اچانک توازن کھو بیٹھی اور سیدھا فلائی اوور کے پلر کی سمت بڑھنے لگی، جس سے مسافروں میں شدید گھبراہٹ پھیل گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائیور کی بروقت سمجھداری نے ایک بڑے سانحے کو ہونے سے روک دیا۔ بس پلر کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھی، تاہم ڈرائیور نے رفتار قابو میں کرکے ٹکر کے خدشے کو کم کر دیا، اور یوں ایک ہولناک حادثہ ٹل گیا۔
تیز جھٹکے کی وجہ سے چند مسافروں کو معمولی چوٹیں آئیں، لیکن کوئی سنگین جانی نقصان پیش نہیں آیا۔
عینی شاہدین اور مسافروں نے بتایا کہ واقعہ اتنا اچانک پیش آیا کہ بس رکنے تک کسی کو صحیح طرح اندازہ بھی نہیں تھا کہ ہوا کیا ہے۔ گاڑی جیسے ہی رکی، خوفزدہ مسافر فوراً نیچے اتر کر سکھ کا سانس لیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی میڈپلی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔