حیدرآباد

سالارِ ملت سبسیڈی گیس سلنڈر اسکیم: نامپلی کے رکنِ اسمبلی ماجد حسین نے عوام میں گیس سلنڈر اور ہیلمٹس تقسیم کیے

حیدرآباد کے نامپلی حلقہ میں سالارِ ملت سبسیڈی گیس سلنڈر اسکیم کے تحت ایک فلاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں نامپلی کے رکنِ اسمبلی ماجد حسین نے مستحق افراد میں سبسیڈی پر گیس سلنڈر تقسیم کیے۔

حیدرآباد کے نامپلی حلقہ میں سالارِ ملت سبسیڈی گیس سلنڈر اسکیم کے تحت ایک فلاحی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں نامپلی کے رکنِ اسمبلی ماجد حسین نے مستحق افراد میں سبسیڈی پر گیس سلنڈر تقسیم کیے۔ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی اور اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے افراد نے راحت کا اظہار کیا۔

ماجد حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ اب تک تقریباً 800 خاندانوں میں سالارِ ملت گیس سلنڈر تقسیم کیے جا چکے ہیں اور یہ عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک درخواستوں کی اجرائی بند نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پوری اسکیم مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سے جاری کی جا رہی ہے اور اس میں حکومت کی کوئی مالی مدد شامل نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس فلاحی مہم کے اس بار تحت صرف گیس سلنڈر ہی نہیں بلکہ ہیلمٹس بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ برسوں میں کئی سڑک حادثات میں نوجوان صرف اس وجہ سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے کہ انہوں نے ہیلمٹ نہیں پہنا تھا۔ اسی پس منظر میں عوام میں سڑک تحفظ کا شعور بیدار کرنے کے لیے ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔

ماجد حسین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سالارِ ملت سبسیڈی گیس سلنڈر اسکیم کے لیے درخواستیں داخل کریں اور اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فلاحی اسکیموں کا مقصد غریب اور متوسط طبقے پر بڑھتے گھریلو اخراجات کا بوجھ کم کرنا ہے۔

اس پروگرام کے دوران ایک لکی ڈرا بھی منعقد کیا گیا، جس کے تحت دس خوش نصیب خاندانوں کو صرف 500 روپے میں گیس سلنڈر فراہم کیے گئے، جبکہ بقیہ 3,500 روپے کی رقم انہیں واپس کر دی گئی۔ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے والے افراد نے مجلس اتحاد المسلمین اور ماجد حسین کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو عوام دوست قرار دیا۔