ویراٹ کوہلی ون ڈے میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بننے سے صرف 54 رنز دور
سیریز سے قبل قیادت میں تبدیلی نے یہ اشارہ دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم اب مستقبل کی طرف دیکھ رہی ہے۔ اگرچہ دونوں سینیئر کھلاڑیوں کے مستقبل پر قیاس آرائیاں جاری ہیں، لیکن ٹیم مینجمنٹ اس دورے پر ان کی کارکردگی پر گہری نظر رکھے گا۔ دونوں ہی اس بات کی کوشش میں ہوں گے کہ سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔
پرتھ: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) کرکٹ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بننے سے صرف 54 رنز دور ہیں۔
فی الحال کوہلی کے نام 14181 رنز درج ہیں اور وہ سری لنکا کے کمار سنگاکارا (14234) سے پیچھے ہیں۔ وراٹ آسٹریلیا کے خلاف جاری ون ڈے سیریز میں یہ اعزاز حاصل کر سکتے ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ کے دو موجودہ عظیم بلے بازوں، روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی واپسی پر دنیا بھر کی نظریں جمی ہیں۔ دونوں تقریباً سات ماہ کے طویل وقفے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں لوٹ رہے ہیں۔ چونکہ یہ دونوں اب صرف ون ڈے فارمیٹ میں ہی ٹیم انڈیا کے لیے کھیلتے ہیں، اس لیے شائقین کو انہیں میدان میں دیکھنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑا ہے۔
سیریز سے قبل قیادت میں تبدیلی نے یہ اشارہ دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم اب مستقبل کی طرف دیکھ رہی ہے۔ اگرچہ دونوں سینیئر کھلاڑیوں کے مستقبل پر قیاس آرائیاں جاری ہیں، لیکن ٹیم مینجمنٹ اس دورے پر ان کی کارکردگی پر گہری نظر رکھے گا۔ دونوں ہی اس بات کی کوشش میں ہوں گے کہ سیریز میں بہترین کارکردگی پیش کریں۔
روہت شرما 500 بین الاقوامی میچ کھیلنے والے دنیا کے 11ویں اور ہندوستان کے پانچویں کرکٹر بننے جا رہے ہیں۔ ان کے کھاتے میں اب تک 499 بین الاقوامی میچ درج ہیں۔
اس کے علاوہ روہت آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیائی سرزمین پر 1000 ون ڈے رنز مکمل کرنے سے صرف 10 رنز کی دوری پر ہیں۔ ایسا کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی کھلاڑی ہوں گے۔