شمالی بھارت
سنبھل تشدد، خطرناک مجرم دلیپ گرفتار
ایک خطرناک مجرم جو سنبھل میں گزشتہ برس کے پرتشدد واقعات میں مبینہ ملوث شارق ساٹھا گینگ کے رکن تھا‘ پکڑا گیا ہے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔

سنبھل (پی ٹی آئی) ایک خطرناک مجرم جو سنبھل میں گزشتہ برس کے پرتشدد واقعات میں مبینہ ملوث شارق ساٹھا گینگ کے رکن تھا‘ پکڑا گیا ہے۔ پولیس نے یہ بات بتائی۔
دلیپ عرف ہریش گزشتہ 30 برس سے جرائم کی دنیا میں سرگرم رہا ہے اور اس کی گرفتاری پر 25 ہزار روپے کا انعام تھا۔
گزشتہ برس 24 نومبر کو کوٹ گڑھوی علاقہ کی شاہی جامع مسجد کے سروے کے دوران تشدد میں 4 شہریوں کی جان گئی تھی۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس کرشنا کمار بشنوئی نے منگل کے دن بتایا کہ پولیس نے آخرکار 25 ہزار روپے کے اس انعامی بدمعاش کو پکڑلیا۔
دلیپ اپنا اور اپنے باپ کا نام باربار بدل کر مختلف ریاستوں میں جرائم کرتا تھا۔ 2020 تک وہ شارق ساٹھا گینگ میں سرگرم تھا۔ اس کا پہلا جرم 1993میں مرادآباد میں گاڑی چرانے کاتھا۔ مختلف ریاستوں میں تاحال اس کے خلاف 40 سے زائد فوجداری کیسس درج ہیں۔