مہاراشٹرا

سنجے راوت کی ضمانت منظور

خصوصی عدالت کے روبرو اس ضمن میں دفاع اور استغاثہ کی بحث 2 نومبر کو اختتام عمل میں آیا تھا جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا جسے آج سنادیا گیا۔

ممبئی: ممبئی کی خصوصی پی ایم ایل اے عدالت نے آج ممبئی کی ایک ‘چال کی تعمیر نو میں ہوئے گھپلے بازی کے الزامات کے تحت منی لانڈرنگ کے معاملے میں گرفتار شعلہ بیان مقرر شیو سینا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی درخواست ضمانت منظور کرلی جس سے سینا کے اودھو ٹھاکرے کیمپ میں جشن کا ماحول ہے۔

خصوصی عدالت کے روبرو اس ضمن میں دفاع اور استغاثہ کی بحث 2 نومبر کو اختتام عمل میں آیا تھا جس کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا تھا جسے آج سنادیا گیا۔

اودھو ٹھاکرے خیمہ کے” ترب ” کا پتہ کہے جانے والے سنجے راوت کی گرفتاری کے 100 دنوں بعد آج شام جیل سے رہائی متوقع ہے۔

ممبئی کی آرتھرروڑ جیل میں مقید راوت کی درخواست ضمانت عدالت نے اس سے قبل مسترد کر دی تھی جس کے سبب امسال دیوالی بھی انہیں جیل کی سلاخوں کے پیچھے گزارنی پڑی۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے راوت کو ماہ اگست میں گرفتار کیا تھا –

خصوصی پی ایم ایل اے عدالت کے جج ایم جی دیشپانڈے نے اپنے یک سطری حکم میں سنجے راوت اور ان کے ساتھی ملزم پروین راوت کو بھی ضمانت دینے کا اعلان کیا جبکہ حکم کی تفصیلی نقول بعد میں دستیاب ہوگی –

درخواست ضمانت کی استغاثہ نے سخت لفظوں میں مخالفت کی تھی اور عدالت کو بتایا تھا کہ ملزم کے خلاف پختہ ثبوت موجود ہیں لہذا اسے ضمانت نہ دی جائے ۔

اپنی درخواست ضمانت میں راوت نے ان پر عائد تمام الزامات سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف جو الزامات عائد کئے ہیں اس کی نوعیت دستاویزات پر مبنی ہے نیز جہاں تک رقوم کے لین دین کا سوال ہے اس کی تفصیلات بینک سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ایک طویل مدت سے وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ہے لہذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے جسے آج عدالت نے منظور کر لیا-

موصولہ اطلاعات کے مطابق ایڈ ی راوت کو ضمانت کے خلاف ہائیکورٹ رجوع ہوگی تاکہ ضمانت منسوخ ہو جائے –