سعودی ایئر لائن نے پاکستانی مسافروں کیلئے 50 فیصد رعایت کا اعلان کردیا
سعودی ایئر لائن کی جانب سے کرایوں میں یہ کمی 30 نومبر تک کی گئی ہے، اس دوران بزنس اور اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے دنیا بھر کے مسافر اس پروموشن سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
ریاض: پاکستان سے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لئے ’السعودیہ‘ ایئر لائن نے کرایوں میں 50فیصد تک رعایت دینے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عمرہ زائرین سمیت کام کے لیے سعودی عرب جانے والے افراد سستے داموں ٹکٹ خرید کر سفر کرسکیں گے۔
ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی سمیت دیگر امور کے لیے سعودی عرب سفر کرنے والوں کی تعداد میں ایک ہفتے کے دوران بڑا اضافہ سامنے آیا ہے، جس کی بڑی وجہ کرایوں میں بڑی کمی ہے۔
السعودیہ ایئرلائن کے بیان کے مطابق انہوں نے دنیا بھر سے سعودی عرب سفر کرنے والوں کے لیے کرایوں میں 50 فیصد تک کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی ایئر لائن کی جانب سے کرایوں میں یہ کمی 30 نومبر تک کی گئی ہے، اس دوران بزنس اور اکانومی کلاس میں سفر کرنے والے دنیا بھر کے مسافر اس پروموشن سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
کراچی کے مقامی ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ بعض افراد نے یہ پیکیج آنے سے قبل مہنگے کرائے ہونے کے باعث عمرے پر جانے کا ارادہ ملتوی کردیا تھا، مگر کرایوں میں کمی کا اعلان ہوتے ہی ہم نے ان تمام افراد سے رابطہ کیا اور انہیں اس حوالے سے بتایا تو انہوں نے عمرے پر جانے کے لئے حامی بھرلی ہے۔