حلقہ پالیرو سے انتخاب لڑنے شرمیلا کا اعلان

شرمیلا نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کو راج شیکھر ریڈی کے نظریات اور شروع کردہ اقدامات کے مطابق حکومت اور فلاحی اقدامات کی فراہمی کیلئے ہی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

حیدرآباد: صدر وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی وائی ایس شرمیلا نے ضلع کھمم میں پالیرو اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔ حلقہ اسمبلی پالیرو کے پولا پلی میں پارٹی آفس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کو راج شیکھر ریڈی کے نظریات اور شروع کردہ اقدامات کے مطابق حکومت اور فلاحی اقدامات کی فراہمی کیلئے ہی وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وہ پالیرو کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے علاوہ ریاست کے عوام کو ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے دور میں شروع کردہ فیس ریمبرسمنٹ، آروگیہ شری، مفت برقی سربراہی خواتین کو با اختیار بنانے اور دوسرے فلاحی اقدامات پرعمل کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں میں معاشی انقلاب لائیں گی۔ انہوں نے عوام سے موجودہ حکمرانوں کے مفاد پرستانہ اقدامات کے خاتمہ کیلئے انکا ساتھ دینے کی اپیل کی۔