سعودی عرب خوفناک حادثہ، گرین ماؤنٹین پارک کا جھولا گر گیا، 23 افراد زخمی (ویڈیو)
سعودی عرب کے شہر طائف کے قریب الہدا کے علاقہ میں واقع گرین ماؤنٹین امیوزمنٹ پارک میں چہارشنبہ شام ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں '360 ڈگریز' نامی جھولا اچانک گر پڑا۔ اس حادثہ میں کم از کم 23 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ریاض: سعودی عرب کے شہر طائف کے قریب الہدا کے علاقہ میں واقع گرین ماؤنٹین امیوزمنٹ پارک میں چہارشنبہ شام ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا، جہاں ‘360 ڈگریز’ نامی جھولا اچانک گر پڑا۔ اس حادثہ میں کم از کم 23 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جھولا اچانک گھومنے کے دوران ہی خراب ہو گیا۔ ویڈیو میں واضح طور پر کرین کے ٹوٹنے اور جھولے میں سوار افراد زمین پر گرنے کا منظر دکھائی دیتا ہے، جس کے بعد پارک میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
یہ جھولا ایک تیز رفتار تفریحی سواری کے طور پر جانا جاتا تھا اور حادثہ کے وقت بھی پوری رفتار سے چل رہا تھا۔ موقع پر موجود عینی شاہدین کے مطابق، حادثے سے چند لمحے قبل جھولے سے عجیب و غریب آوازیں آ رہی تھیں۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا، اور امیوزمنٹ پارک کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، کئی اسپتالوں نے زخمیوں کی بڑی تعداد کے باعث "کوڈ ییلو” نافذ کر دیا۔
سعودی محکمہ شہری دفاع نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو جھولے کی ساخت، تکنیکی خرابی، اور حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کی جانچ کرے گی۔
واضح رہے کہ سعودی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق تمام جھولوں کا ہر ماہ باقاعدہ معائنہ ضروری ہوتا ہے۔ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں 5 لاکھ سعودی ریال تک جرمانہ اور لائسنس معطل کیا جا سکتا ہے۔
واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر عوامی غصہ دیکھنے میں آیا ہے، اور صارفین کی جانب سے تفریحی پارک کو عارضی طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جب تک تحقیقات مکمل نہ ہوں۔