حیدرآباد

بارش کے بعد بہہ گئے 3 افراد کی تلاشی مہم جاری، کمشنر جی ایچ ایم سی کا دورہ افضل ساگر

حیدرآباد میں ہفتہ کی شام تیز اور موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے دو مختلف نالوں میں بہہ گئے 3 افراد کا سرچ آپریشن پیر کے روز بھی جاری رہا۔

حیدرآباد (آئی اے این ایس) حیدرآباد میں ہفتہ کی شام تیز اور موسلا دھار بارش کے بعد شہر کے دو مختلف نالوں میں بہہ گئے 3 افراد کا سرچ آپریشن پیر کے روز بھی جاری رہا۔

حائیڈرا، جی ایچ ایم سی اور پولیس،شہر کے قلب میں واقع حبیب نگر کے افضل ساگر نالہ میں بہے گئے 2 افراد کو تلاش کررہی ہے۔ اس نالہ میں 26 سالہ ارجن اور ان کا رشتہ دار 25 سال رامو، بہہ گئے۔ اسی طرح ریسکیو ورکرس، مشیر آبادکے ونو بھانگر کے نالہ میں بہہ گئے ایک 24 سالہ شخص کی تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ دنیش نامی نوجوان، نالہ کی ریٹیننگ وال پربیٹھا ہوا تھا یہ وال منہدم ہوگئی جس کے سبب وہ نالہ میں گر پڑا اور بہہ گیا۔ جی ایچ ایم سی کمشنر آروی کرنن نے آج حبیب نگر کا دورہ کرتے ہوئے افضل ساگر نالہ کا معائنہ کیا۔

انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا۔ لاپتا ایک نوجوان کے افراد خاندان نے حکومت سے مدد کی اپیل کی کیونکہ یہ نوجوان، خاندان کی کفالت کرتا تھا جو نالہ میں بہہ گیا ہے۔

گچی باؤلی پولیس اسٹیشن کے حدود میں وٹی ناگولا پلی میں ایک کنونشن سنٹر کی زیر تعمیر دیوار منہدم ہونے سے ایک مزدو ر ہلاک دیگر 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔