قومی

امرتسر میں یوم جمہوریہ سے قبل سیکورٹی بڑھا دی گئی

ان سخت اقدامات کا مقصد یوم جمہوریہ کے موقع پر مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ خبریں
وزیر اعلی کی رہائش گاہ کے باہر سڑک عام لوگوں کیلئے نہیں: سپریم کورٹ
مفت برقی سربراہی کے باوجود بجلی کا سرقہ، انتظامیہ پریشان
یوم جمہوریہ اور دہلی اسمبلی الیکشن کے لئے سخت سیکوریٹی
خوفناک سڑک حادثہ، تیز رفتار گاڑی نے دو پولیس اہلکاروں سمیت تین کو کچل دیا
یوم ِ جمہوریہ برابر حقوق دینے اور تمام لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنے کا سبق دیتا ہے

چنڈی گڑھ: پنجاب کے علاقہ سرہند میں ریلوے ٹریک پر ہونے والے حالیہ دھماکے کے بعد یوم جمہوریہ کے پیش نظر امرتسر ریلوے اسٹیشن پر سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنے کے لیے گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم کا آغاز کیا ہے۔

سکیورٹی مشقوں کے حصے کے طور پر اسٹیشن پر موجود اور وہاں سے گزرنے والی ٹرینوں کے اندر تفصیلی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ سکیورٹی اہلکار مسافروں کے سامان، بشمول بیگز اور سوٹ کیسز کی تلاشی لے رہے ہیں تاکہ کسی بھی مشتبہ چیز کا سراغ لگایا جا سکے۔ ان سخت اقدامات کا مقصد یوم جمہوریہ کے موقع پر مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اس مہم میں مدد کے لیے ’ڈاگ اسکواڈ‘ بھی تعینات کیئے گئے ہیں۔ تربیت یافتہ سراغ رساں کتے پلیٹ فارمز، ٹرین کی بوگیوں اور مسافروں کے علاقوں کی اسکیننگ کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور مشتبہ سرگرمیوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ریلوے پولیس حکام کے مطابق حالیہ واقعے اور یوم جمہوریہ کی قومی اہمیت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے طور پر یہ اضافی اقدامات کیئے گئے ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی لاوارث سامان یا مشتبہ شخص کی اطلاع فوری طور پر سیکورٹی اہلکاروں کو دیں۔ حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تلاشی کے دوران سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ قومی جشن کے دوران امن و امان برقرار رکھا جا سکے اور کسی بھی شرپسندی کو روکا جا سکے۔