برازیل میں بس حادثے میں سات افراد کی موت
جنوبی برازیل میں اتوار کی علی الصبح کورنتھیئنز اسپورٹس کلب کے شائقین کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہونےسے اس میں سوار کم از کم سات افراد کی موت ہوگئی۔

ریو ڈی جنیرو: جنوبی برازیل میں اتوار کی علی الصبح کورنتھیئنز اسپورٹس کلب کے شائقین کو لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہونےسے اس میں سوار کم از کم سات افراد کی موت ہوگئی۔
مقامی حکام نے یہ اطلاع دی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست مینس گیریس کی علاقائی راجدھانی بیلو ہوریزونٹے شہر میں اس وقت پیش آیا جب ایک موڑ پر بس کے بریک فیل ہو گئے اور وہ کنٹرول کھو بیٹھی۔
ایک زندہ بچ جانے والے شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نامہ نگاروں کو بتایا ’’تقریباً سبھی لوگ سو رہے تھے، لیکن کچھ لوگوں نے محسوس کیا کہ ڈرائیور بس کو تیز چلا رہا ہے اور سامنے والے لڑکوں نے اسے رکنے کے لئے کہا۔‘‘ ڈرائیور نے بتایا کہ بس کے بریک فیل ہو گئے تھے۔ میں نے چلانا شروع کردیا اس لئے سب جاگ گئے اور بس پلٹ گئی۔
ایک بیان میں کورنتھیئنز کلب نے اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کیا۔