دہلی

لال قلعہ کے قریب اینٹی ڈرون سسٹم نصب

ملک کی آزادی کی ڈائمنڈجوبلی سے ایک دن قبل ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ڈی آرڈی او) نے نئی دہلی میں لال قلعہ کے قریب اینٹی ڈرون سسٹم نصب کردیا ہے تاکہ ڈرونس کو ناکام کیاجائے۔

نئی دہلی۔: ملک کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی سے ایک دن قبل ڈیفینس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ڈی آرڈی او) نے نئی دہلی میں لال قلعہ کے قریب اینٹی ڈرون سسٹم نصب کردیا ہے تاکہ ڈرونس کو ناکام کیاجائے۔

ڈی آرڈی او کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ یہ سسٹم اس کے قریب نصب جامرس کی مدد سے تقریباً4کیلومیٹر کے احاطہ میں بیک وقت کئی ڈرونس کا پتہ چلاکر انہیں ناکارہ کرسکتا ہے۔

انٹلیجنس بیورو نے حال میں الرٹ کیاتھا کہ یوم آزادی سے قبل قومی دارالحکومت اور کئی دیگر شہروں میں دہشت گردحملہ ہوسکتا ہے۔ قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں نے خبردار کیاتھا کہ دہشت گرد پیر کے دن لال قلعہ میں پرچم کشائی کے دوران دھماکوآلات(آئی ای ڈیز) کا استعمال کرسکتے ہیں۔

دہشت گرد فلائنگ آبجکیٹس کے ذریعہ لال قلعہ پر حملہ کرسکتے ہیں۔ ایسی دھمکیوں کے مدنظردہلی پولیس نے کسی بھی ناخوشگوارواقعہ کو ٹالنے کے مناسب اقدامات کئے ہیں۔

اڑنے والی پتنگوں کو پکڑنے والوں کو بھی اہم مقامات پر تعینات کیاگیا ہے۔ یہ لوگ پتنگوں‘غباروں اور چینی قندیلوں کو لال قلعہ کے قریب پہنچنے سے روکیں گے۔

ان کے علاوہ مکانوں کی چھتوں پر بھی پولیس والے تعینات ہوں گے۔ مذہبی مقامات سے اعلانات کرادئیے گئے کہ لوگ 13اگست تا15اگست لال قلعہ کے اطراف کے علاقہ میں پتنگیں نہ اڑائیں۔