شمالی ہندوستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس
سوشل میڈیا پر لوگوں نے ویڈیوز شیئر کئے کہ زوردار جھٹکوں کی وجہ سے پنکھے اور گھر کا دیگر ساز و سامان ہل رہا ہے جبکہ بہت سے لوگ خوف و ہراس کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔
نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں کئی سیکنڈ تک جاری رہنے والے شدید زلزلے نے منگل کی شام بیشتر شمالی ہندوستان کو ہلا کر رکھ دیا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
امریکی جیولوجیکل سروسز کے مطابق 6.5 شدت کے زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرق میں 40 کلومیٹر جنوب میں تھا۔ یہ تقریباً 190 کلومیٹر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔
ہندوستان کے نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے اسے 6.6 شدت کا بتایا اور زلزلے کا مرکز شمالی افغانستان میں فیض آباد کے جنوب مشرق میں 133 کلومیٹر جنوب میں تھا۔
تاہم، زلزلے کے جھٹکے پورے شمالی ہندوستان میں کشمیر سے لے کر دہلی-این سی آر تک محسوس کیے گئے اور سوشل میڈیا پر لوگوں نے ویڈیوز شیئر کئے کہ زوردار جھٹکوں کی وجہ سے پنکھے اور گھر کا دیگر ساز و سامان ہل رہا ہے جبکہ بہت سے لوگ خوف و ہراس کے باعث گھروں سے باہر نکل آئے۔
یو این آئی اردو کے بموجب قومی راجدھانی خطہ سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں منگل کی رات تقریباً 10.18 بجے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 بتائی گئی ہے۔
موصولہ اطلاعات اور عینی شاہدین کے مطابق دہلی-این سی آر میں رات کو دو بار زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ لوگ خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے۔
دہلی کے آس پاس کے علاقوں کے علاوہ ہریانہ، پنجاب، اتراکھنڈ، راجستھان، اتر پردیش اور جموں و کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 بتائی گئی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ قزاقستان، ترکمانستان، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان، چین، کرغزستان اور افغانستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش میں بتایا گیا ہے۔