تلنگانہ

منگوڈ میں رائے دہی کا اختتام

حلقہ اسمبلی منگوڈ میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کے درمیان رائے دہی کا عمل پرامن اختتام عمل میں آیا ہے۔ حلقہ میں 5بجے تک 77.55فیصد پولنگ ہوئی ہے۔

حیدرآباد: حلقہ اسمبلی منگوڈ میں سیکوریٹی کے سخت انتظامات کے درمیان رائے دہی کا عمل پرامن اختتام عمل میں آیا ہے۔ حلقہ میں 5بجے تک 77.55فیصد پولنگ ہوئی ہے۔ اگرچیکہ حلقہ میں تشدد کے معمولی واقعات کے سوا، رائے دہی پرامن رہی۔

چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے آج دوپہر میں بتایا کہ حلقہ اسمبلی منگوڈ میں ضمنی الیکشن پرامن طور پر جاری ہے۔ انہوں نے تمام رائے دہندوں کو ہدایت دی کہ وہ بلاخوف وخطر حق رائے دہی سے استفادہ کریں جو ان کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک28 شکایتیں وصول ہوئی ہیں جبکہ دو مقامات سے نقد رقم کو ضبط کیا گیا ہے۔

حلقہ میں جمعرات کے روز صبح7 بجے سے رائے دہی کا آغاز ہوا۔ رائے دہی سے قبل تمثیلی پولنگ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ حلقہ میں کئی مراکز پر رائے دہندوں کی طویل قطار میں دیکھی گئیں۔

حکام نے 2.41 لاکھ رائے دہندوں جن میں 1,21,720 مرد اور 1,20,128 خاتون ووٹرس شامل ہیں، کیلئے298پولنگ بوتھس بنائے ہیں۔ اس ضمنی الیکشن میں جملہ47 امیدوار قسمت آزمارہے ہیں۔

حلقہ میں ایک بجے دن تک41.30 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی۔ صبح میں پہلے رائے دہی کا آغاز سست رفتار سے ہوا تاہم بتدریج پولنگ میں تیزی آتی گئی۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ99 فیصد رائے دہندے، حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔

پی ٹی آئی کے مطابق حلقہ اسمبلی منگوڈ میں آج سہ پہر3بجے دن تک 60 فیصد رائے دہی ہوئی۔ حلقہ بھر میں رائے دہی پرامن طور پر جاری ہے۔ 3بجے سہ پہر تک59.92 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔