شاہ رخ کو مسلمان ہونے کے سبب ایوارڈ دیا گیا: :کانگریس لیڈر
کانگریس قائد بھائی جگتاپ نے اپنے ایک بیان سے تنازعہ پیدا کردیا ہے کہ بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کوبہترین اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے مسلم رائے دہندوں کو رجھانے کے لئے دیا گیا ہے۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) کانگریس قائد بھائی جگتاپ نے اپنے ایک بیان سے تنازعہ پیدا کردیا ہے کہ بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کوبہترین اداکار کا پہلا نیشنل فلم ایوارڈ بہار اسمبلی انتخابات سے پہلے مسلم رائے دہندوں کو رجھانے کے لئے دیا گیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے جمعرات کے روز ایسی کڑی جوڑنے پر کانگریس لیڈر کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ نیشنل ایوارڈس باوقار اعزاز ہوتے ہیں جو سنیما‘ لٹریچر اور دیگر شعبوں میں مہارت کو تسلیم کرنے حکومت ِ ہند کی جانب سے دیئے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کو فلم ”جوان“ میں بہترین اداکاری پران کا اولین نیشنل فلم ایوارڈ برائے بسٹ ایکٹر دیا گیا ہے۔ بھائی جگتاپ نے چہارشنبہ کے روز آئی اے این ایس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک طرف مودی حکومت اترپردیش‘ بہار اور دیگر مقامات پر مذہب اور ذات پات پر مبنی تشدد کے ذریعہ مسلمانوں پر ظلم ڈھارہی ہے اور اب وزیراعظم مودی ہتھکنڈے اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
جب انتخابات آتے ہیں تو انہیں شاہ رخ خان یاد آتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایوارڈ یقینا ایک بڑی کامیابی ہے لیکن شاہ رخ خان اس سے کہیں زیادہ بڑا اداکار ہے جس نے پوری دنیا میں اپنی پہچان بنائی ہے۔ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ بی جے پی اسے مانتی ہے یا نہیں۔ کیا وہ لوگ عظیم اداکار ہونے پر شاہ رخ خان کو ایوارڈ دے رہے ہیں یا پھر اس وجہ سے کہ وہ مسلمان ہیں اور انتخابات قریب آرہے ہیں۔ میرا تو یہی ماننا ہے۔
ان کے اس تبصرہ پر انڈیا قائدین نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ مہاراشٹرا کے ڈپٹی چیف منسٹر ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ کانگریس کے پاس اٹھانے کے لئے کوئی ٹھوس مسائل نہیں ہیں اور وہ بے بنیاد الزامات عائد کررہی ہے۔ لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ہم بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
انہیں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہئے۔ ان کے پاس کوئی مسائل نہیں ہیں۔ الزامات عائد کرنا ہی ان کا واحد کام ہے۔ بی جے پی لیڈر یاسر جیلانی نے بھی کانگریس پر تنقید کی اور کہا کہ کانگریس نے طویل عرصہ تک ملک پر حکومت کی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ خوشامد کی سیاست پر عمل کیا ہے۔ آج شاہ رخ خان کو فلم جوان میں بہترین اداکاری پر اعزاز عطا کیا گیا ہے۔
ان کی ستائش کرنے کے بجائے کانگریس اس معاملہ میں بھی ووٹ دیکھ رہی ہے۔ جو لوگ صرف ووٹوں کے بارے میں سوچتے ہیں وہ اس طرح عوام کا اعتماد نہیں جیت سکتے۔ بی جے پی ذات پات یا مذہب کی سیاست نہیں کرتی۔ جب اے پی جے عبدالکلام صدر بنے تو اس وقت ہماری ہی حکومت برسراقتدار تھی۔ ہم نے ان کے مذہب کو نہیں بلکہ ان کی صلاحیتوں کو دیکھا۔