کھیل

کوہلی پہلی مرتبہ ’پلیئر آف دی منتھ‘ ایوارڈ کیلئے نامزد

ہندوستان کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر کے مہینے کیلئے ’پلیئر آف دی منتھ‘ ایوارڈ کیلئے نامزد کیاہے۔ اس فہرست میں سکندر رضا اور ڈیوڈ ملر کا نام بھی شامل ہے۔

دبئی: ہندوستان کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر کے مہینے کیلئے ’پلیئر آف دی منتھ‘ ایوارڈ کیلئے نامزد کیاہے۔ اس فہرست میں سکندر رضا اور ڈیوڈ ملر کا نام بھی شامل ہے۔

ہندوستان، جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے ایک ایک کھلاڑی کو اکتوبر 2022 کے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی متھ ایوارڈ کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیاہے۔ ہندوستانی ٹیم کے اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی کا نام پہلی بار ’پلیئر آف دی منتھ‘ کیلئے نامزد کیا گیاہے۔

ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان ویراٹ کوہلی نے گزشتہ ماہ صرف چار اننگز کھیلی تھیں۔ لیکن اس دوران انہوں نے تین یادگار اننگز کھیلیں جن میں سے ایک پاکستان کے خلاف 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز تھی۔ ویراٹ کوہلی نے اس اننگز کو پاکستان کے خلاف کھیلی گئی اپنی بہترین اننگز قرار دیا ہے۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم میچ میں 31 کے اسکور پر 4 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ لیکن اننگز کو سنبھالتے ہوئے کوہلی نے 53 گیندوں میں 82 رنز کی ناقابل یقین اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اس کے علاوہ ویراٹ کوہلی نے رواں ماہ کے آغاز میں گوہاٹی میں جنوبی افریقہ کے خلاف 28 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 49 رنز کی طاقتور اننگز کھیلی تھی۔

ویراٹ کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں ہالینڈ کے خلاف بھی زبردست اننگز کھیلی تھی۔ انہوں نے 44 گیندوں میں 62 رنز بنائے۔ تاہم وہ افریقہ کے خلاف سستے میں آؤٹ ہوگئے۔ اس میچ میں انہوں نے 12 رنز بنائے۔ کوہلی نے اکتوبر کے مہینے میں 205 کی اوسط سے 205 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران ان کا اسٹرائیک ریٹ 150.73 رہاہے۔

جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بلے باز ڈیوڈ ملر اس سال شاندار فارم میں ہیں۔ اکتوبر میں انہوں نے گوہاٹی میں ہندوستان کے خلاف 47 گیندوں پر 106 رنز کی طاقتور اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں انہوں نے پرتھ میں ہندوستان کے خلاف ناقابل شکست 59 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اکتوبر میں 146.37 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 303 رنز بنائے۔

زمبابوے کے اسٹار آل راؤنڈر سکندر رضا نے اکتوبر میں ٹیم کیلئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رضا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی اپنی کارکردگی دکھا دی کہ وہ بڑے لیول کے کھلاڑی ہیں۔ آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں انہوں نے 47 گیندوں پر 82 رنز بنائے اور میچ میں 22 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی انہوں نے 23 گیندوں میں 40 رنز بنائے اور گیند کے ساتھ 20 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

آل روانڈر سکندر رضا ویسٹ انڈیز کے خلاف بلے سے زیادہ کچھ نہ کرسکے لیکن پاکستان کے خلاف فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے خلاف 35 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کی تھی۔ دوسری جانب خواتین کے زمرہ میں ہندوستان سے 2 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ اس ایوارڈ کیلئے 3 کھلاڑیوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ تینوں کھلاڑیوں کا تعلق ایشیا سے ہے۔

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم حال ہی میں بنگلہ دیش میں منعقدہ خواتین ایشیا کپ 2022 جیت کر چمپئن بنی۔ ٹیم کے کھلاڑی مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اب ہندوستان کی آل راؤنڈر دپتی شرما اور بلے باز جمائما روڈریگس کو اکتوبر کیلئے آئی سی سی ویمنز پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ اس ایوارڈ کیلئے نامزد ہونے والی تیسری کھلاڑی پاکستان کی آل راؤنڈر ندا ڈار ہیں۔ خواتین کے ایشیا کپ میں مسلسل کارکردگی کے ساتھ دپتی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اس ایوارڈ کی حقدار ہیں۔

دپتی نے جملہ 8 میچ کھیلے اور 7.69 کی اوسط سے 13 وکٹیں حاصل کیں۔ دپتی کی بہترین کارکردگی تھائی لینڈ اور پاکستان کے خلاف تھی۔ تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں انہوں نے صرف 7 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے خلاف مقابلے میں 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس ٹورنامنٹ میں دپتی نے یو اے ای کے خلاف 49 گیندوں میں 64 رنز بناکر ہندوستان کو جیت کے قریب پہنچا دیا۔ انہوں نے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔ دپتی خواتین کے ایشیا کپ میں ’پلیئر آف دی سیریز‘ تھیں۔ نوجوان ہندوستانی بلے باز جمائما روڈریگس نے انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ویمن ایشیا کپ سے زبردست واپسی کی۔ اس ٹورنامنٹ کے دوران جمائما نے 54.25 کی اوسط سے 217 رنز بنائے۔

سری لنکا اور یو اے ای کے خلاف میچ وننگ اننگز کھیلنے کے بعد جمائما کو دونوں میچوں میں ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ جمائما نے سری لنکا کے خلاف 53 گیندوں پر 76 اور یو اے ای کے خلاف 45 گیندوں میں 75 رنز بنائے۔ پاکستان کی ندا ڈار کیلئے بھی یہ سیزن شاندار رہا ہے۔ ایشیاء کپ پاکستان کیلئے ندار ڈار نے شاندار مظاہرہ کیاتھا۔