مدینہ منورہ میں زائرین کو مفت چائے پلانے والے شیخ اسماعیل کا انتقال
وہ پچاس سال سے مدینہ منورہ میں مقیم تھے، اور ہر آنے والے زائر کو مفت چائے، کافی اور کھجور پیش کیا کرتے تھے، شیخ اسماعیل کبھی کبھار زائرین کو اپنے آبائی علاقے سے آنے والی روایتی مٹھائیاں بھی پیش کرتے تھے۔
مدینہ منورہ: مدینہ منورہ میں 40 برس سے زائرین کو مفت چائے پلانے والے شیخ اسماعیل انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق مدینہ منورہ میں گزشتہ چالیس سال سے زائرین کو مفت چائے اور قہوہ پلانے والے شیخ اسماعیل الزائم ابو الصباء کا انتقال ہو گیا، انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے والے شیخ اسماعیل کا تعلق شام کے شہر حماہ سے تھا۔
وہ پچاس سال سے مدینہ منورہ میں مقیم تھے، اور ہر آنے والے زائر کو مفت چائے، کافی اور کھجور پیش کیا کرتے تھے، شیخ اسماعیل کبھی کبھار زائرین کو اپنے آبائی علاقے سے آنے والی روایتی مٹھائیاں بھی پیش کرتے تھے۔
ان کی عمر 96 برس تھی، وہ اپنی انسانی خدمت کے سبب ’’پیغمبر رسولﷺ کے مہمانوں کے میزبان‘‘ کے طور پر مشہور تھے، سوشل میڈیا پر ان کے انتقال کی خبر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور ان کے کام کی ہر جانب ستائش کی جا رہی ہے۔
وہ مسجد نبوی کے قریب ایک پلاسٹک کی کرسی پر بیٹھتے تھے، ان کے سامنے ایک میز ہوتی تھی جس پر کافی چائے کے علاوہ میٹھے پکوان کی پلیٹ ہوتی تھی۔ انھوں نے بہت سے انٹرویوز میں کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے مالی معاوضے کے بغیر اللہ کی خوشنودی کے لیے انسانی خدمت کر رہے ہیں۔