حیدرآباد

ایس آئی او کے ذمہ داروں کی رہائی،اسداویسی کااظہار تشکر

فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے اور اسرائیلی کمپنیوں کے ساتھ حکومتی روابط کے خلاف احتجاج پر ایس آئی او تلنگانہ کے ریاستی ذمہ داران کو حراست میں لیا گیا تھا، سات گھنٹے بعد رہائی پر تنظیم نے اسدالدین اویسی اور ذوالفقار علی سے اظہارِ تشکر کیا۔

حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) تلنگانہ کے ریاستی ذمہ داران کو سات گھنٹے کی احتیاطی حراست کے بعد رہا کردیا گیا۔

ایس آئی او تلنگانہ نے ریاستی حکومت کے اسرائیلی کمپنیوں، جو فلسطینی عوام کی نسل کشی میں براہِ راست ملوث ہونے کا الزام رکھتی ہیں، کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط اور ٹی ہب میں ان کی شمولیت کے خلاف آواز اٹھانے اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنے پر اپنے ریاستی ذمہ داران کی رات دیر گئے گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے۔

تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ رات کی تاریکی میں کی جانے والی یہ گرفتاریاں جمہوری آوازوں کو دبانے اور حق و انصاف کے لیے اٹھنے والی آوازوں کو خاموش کرنے کی افسوسناک کوشش ہیں۔

اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے مبینہ طور پر وابستہ کمپنیوں کے ساتھ حکومت کے اشتراک پر سوال اٹھانا اور اس کے خلاف پْرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا جمہوری حق ہے، محض اختلافِ رائے کی بنیاد پر کی جانے والی ایسی کارروائیاں کسی بھی باشعور اور اصول پسند تحریک کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتیں۔

ایس آئی او نے بتایا کہ اس کے ریاستی ذمہ داران کو میر چوک پولیس اسٹیشن میں سات گھنٹے تک احتیاطی حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔

تنظیم نے اس دوران اظہارِ یکجہتی اور تعاون کرنے والے تمام کارکنوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور سیاسی قائدین سے دلی تشکر کا اظہار کرتے ہوئے بالخصوص حلقہ چارمینار کے رکن اسمبلی ذوالفقار علی اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کی مداخلت اور ذمہ داران کی رہائی کے لیے ان کے تعاون کو قابلِ ستائش قرار دیا۔