سوشیل میڈیاقومی

دادی کی 18 سال پرانی خواہش پوری کرنے کیلئے دولہا ہیلی کاپٹر سے دلہن لینے پہنچا، انوکھی شادی کے چرچے

اترپردیش کے ہاپوڑ میں میرٹھ کے دولہے ہیرا رانا نے گھوڑی یا کار کے بجائے ہیلی کاپٹر سے پہنچ کر اپنی دلہن کو رخصت کرایا۔ اس انوکھی آمد کے پیچھے دادی کی 18 سال پرانی خواہش تھی، جسے پوتے نے شادی کے دن پورا کردیا۔

نئی دہلی: اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ میں ایک انوکھی شادی ان دنوں سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، جہاں ایک دولہا گھوڑی یا کار کے بجائے ہیلی کاپٹر سے اپنی دلہن کو لینے پہنچا۔ دولہے کی اس خاص آمد نے نہ صرف شادی کو یادگار بنا دیا بلکہ گاؤں کے لوگوں کو بھی حیران کردیا۔

اطلاعات کے مطابق میرٹھ کے رہنے والے ہیرا رانا نے اپنی شادی کے لئے یہ منفرد انداز اس لئے اختیار کیا کیونکہ وہ اپنی دادی کی 18 سال پرانی خواہش پوری کرنا چاہتا تھا۔ ان کی دادی کی خواہش تھی کہ ان کا پوتا اپنی شادی کے موقع پر ہیلی کاپٹر سے دلہن لینے آئے۔

دادی کی اسی خواہش کو پورا کرنے کے لئے ہیرا رانا شادی کے دن ہیلی کاپٹر کے ذریعہ میرٹھ سے ہاپوڑ کے دیہات دیہرا پہنچے، جہاں انہیں اپنی دلہن کو رخصت کراکر گھر لے جانا تھا۔

جیسے ہی ہیلی کاپٹر گاؤں میں اترا، اسے دیکھنے کے لئے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ دولہے کی اس انوکھی آمد کو دیکھ کر گاؤں والے بھی کافی حیران اور خوش نظر آئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ شادی پورے علاقے میں موضوعِ بحث بن گئی۔

شادی کی تمام رسومات مکمل ہونے کے بعد ہیرا رانا اپنی دلہن کے ساتھ ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر واپس روانہ ہوگئے۔ اس طرح انہوں نے اپنی دادی کی 18 سال پرانی خواہش پوری کرکے شادی کے اس دن کو اپنے خاندان کے لئے ہمیشہ یادگار بنا دیا۔