کھیل

سراج اور عمران ملک‘ ٹیم انڈیا کیساتھ آسٹریلیا جائیں گے

جسپریت بمراہ کے زخمی ہونے کے بعد بی سی سی آئی نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے بیک اپ کے طورپر دو اضافی تیز گیند بازوں کو بھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔

نئی دہلی: جسپریت بمراہ کے زخمی ہونے کے بعد بی سی سی آئی نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے بیک اپ کے طورپر دو اضافی تیز گیند بازوں کو بھیجنے کا فیصلہ کیاہے۔

جنوبی افریقہ کے خلاف اسکواڈ میں شامل محمد سراج اور طوفانی تیز گیند باز عمران ملک 6 اکتوبر کو ہندوستانی ٹیم کے ساتھ پرتھ جائیں گے۔ یہاں ٹیم کیمپ میں تقریباً ایک ہفتہ پریکٹس کرے گی اور ویسٹ آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گی۔

اس کے بعد ٹیم 17 اکتوبر کو برسبین میں ورلڈکپ کا پہلا باضابطہ وارم اپ میچ کھیلے گی۔ بی سی سی آئی نے ابھی تک بمراہ کے آسٹریلیا نہ جانے کے بارے میں کوئی سرکاری اطلاع نہیں دی ہے۔ بی سی سی آئی کے صدر سورو گنگولی نے یقینی طورپر کہاہے کہ بمراہ کے بارے میں امید برقرار رکھی جانی چاہئے۔

تاہم حقیقت خواب سے بہت دور ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ چاہتا ہے کہ اگر بمراہ ورلڈکپ کے چند میچوں کے بعد بھی فٹ ہوجاتے ہیں تو انہیں ٹیم کے ساتھ لے جایا جائے لیکن اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں ان فٹ کھلاڑی کو ساتھ رکھنا خطرناک ثابت ہہوسکتاہے۔

ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ کے چار ارکان (سوریہ کمار یادو، دیپک ہڈا، ارشدیپ سنگھ اور ہرشل پٹیل) اس سے پہلے آسٹریلیا میں نہیں کھیلے ہیں جبکہ پانچویں رکن دنیش کارتک نے آسٹریلیا میں صرف ایک میچ کھیلا ہے۔ انہوں نے 15 سال سے زیادہ عرصہ قبل ملبورن میں ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا۔ وہ اس کیمپ سے مستفید ہوں گے۔

یہ کیمپ دو ریزرو کھلاڑیوں روی بشنوئی اور دیپک چاہر کی بھی مدد کرے گا جو کبھی آسٹریلیا میں نہیں کھیلے ہیں۔ انہیں حالات کے مطابق تیزی سے ڈھالنا ہوگا اور میچ کیلئے تیار رہنا ہوگا کیونکہ ضرورت پڑنے پر انہیں بلایا جاسکتا ہے۔ ہندوستان زخمی ہڈا اور جسپریت بمراہ کے صحت یاب ہونے کا انتظار کررہا ہے۔

دونوں کھلاڑی اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں کمر کی تکلیف کے باعث زیرعلاج ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ بمراہ کا این سی اے میں اسکین کیا گیاہے۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کافی تیاری کے بعد ورلڈکپ میں پہنچنے والی ہے۔ وہ پچھلے تین ماہ سے مصروف ہیں۔

آئرلینڈ، انگلینڈ، کیریبین، ایشیا کپ کیلئے یو اے ای ٹی ٹوئنٹی میاچس کھیلنے کے بعد اب آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سرزمین پر سیریز کھیل رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سوراشٹرا کے خلاف جاری ایرانی ٹرافی کے میاچ میں ریسٹ آف انڈیا کیلئے کھیلتے ہوئے عمران ملک نے پہلے دن 3 وکٹس حاصل کئے۔