بھارت

وندے بھارت ایکسپریس نے خاتون کو روند ڈالا

وہ آنند ریلوے اسٹیشن کے قریب ریل کی پٹریاں عبور کر رہی تھی کہ تیز رفتار وندے بھارت ایکسپریس نے اسے روند ڈالا جس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ یہ حادثہ آج شام 4.37 بجے پیش آیا۔

آنند: گجرات میں آنند کے قریب آج سہ پہر پیش آئے حادثہ میں وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کی زد میں آکر ایک 54 سالہ خاتون کی موت واقع ہوگئی۔ ریلوے پولیس نے یہ بات بتائی۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ مہلوک خاتون کی شناخت بیٹ رائس آرچی بالڈ پیٹر کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ آنند ریلوے اسٹیشن کے قریب ریل کی پٹریاں عبور کر رہی تھی کہ تیز رفتار وندے بھارت ایکسپریس نے اسے روند ڈالا جس کے نتیجہ میں اس کی موت واقع ہوگئی۔ یہ حادثہ آج شام 4.37 بجے پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ احمد آباد کی رہنے والی بیٹ رائس آرچی بالڈ پیٹر مبینہ طور پر آنند میں اپنے ایک رشتہ دار سے ملنے گئی تھی۔

ٹرین گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر سے ممبئی سنٹرل جا رہی تھی۔ یہ آنند ریلوے اسٹیشن پر نہیں رکتی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 30 ستمبر کو گاندھی نگر ریلوے اسٹیشن پر وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کرتے ہوئے اس کا افتتاح کیا تھا جس کے بعد سے اس ٹرین کو کئی حادثے پیش آچکے ہیں۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران پٹریوں پر مویشیوں سے ٹکرانے کے نتیجہ میں ٹرین کو تین بار نقصان پہنچا ہے۔ 6 اکتوبر کو اس کے فرنٹ پینل کو اس وقت نقصان پہنچا جب اس نے وٹوا اور منی نگر ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان چار بھینسوں کے ریوڑ کو ٹکر مار دی تھی۔

اگلے دن (7 اکتوبر) کو ہی یہ ٹرین، آنند کے قریب ایک گائے سے ٹکرا گئی۔

ایک اور واقعہ میں گجرات کے اتل ریلوے اسٹیشن کے قریب اس ٹرین نے ایک بیل کو ٹکر مار دی تھی۔

وندے بھارت ایکسپریس ٹرین مقامی طور پر ڈیزائن اور تیار کردہ سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین ہے جو چینائی کی انٹگریٹیڈ کوچ فیکٹری میں بنائی جاتی ہے۔ ملک بھر میں ایسی چار سو سے زائد ٹرینیں چلانے کا منصوبہ ہے۔